’عمران خان کا وفادار ہوں‘: پی ٹی آئی آزاد امیدواروں نے حلف نامہ دینا شروع کردیا
Webdesk
|
12 Feb 2024
پاکستان تحریک انصاف کی قیادت کی ہدایت پر پی ٹی آئی کے آزاد اراکین نے حلف نامے جمع کروانا شروع کردیے۔
پاکستان تحریک انصاف نے قومی اور صوبائی اسمبلی کی نشستوں پر کامیاب ہونے والے امیدواروں کی وفاداریاں تبدیل ہونے کے خدشے کے پیش نظر اُن سے حلف نامہ مانگ لیا، کامیاب امیدواروں کی جانب سے پارٹی قیادت کو حلف نامہ جمع کروانے کا سلسلہ بھی شروع ہوگیا۔
پی ٹی آئی قیادت نے خیبرپختونخوا سے کامیاب ہونے والے حمایت یافتہ آزاد امیدواروں کو حلف نامہ جمع کروانے کی ہدایت کی تھی جس پر قومی اسمبلی کی نشست این اے 38 پر پر کامیاب ہونے والے تحریک انصاف کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار شاہد خٹک نے حلف نامہ پارٹی قیادت کو بھیج دیا۔
حلف نامے میں انہوں نے لکھا کہ ’عمران خان کا سپاہی ہوں اور وفاداری کسی صورت نہیں بدلوں گا، پارٹی کی جانب سے جو ہدایات ملیں گی اس پر عمل کروں گا‘۔
خیبرپختونخوا میں صوبائی اسمبلی کی نشستوں پر آزاد امیدواروں کی کامیابی کے بعد پی ٹی آئی اکثریتی جماعت کے طور پر سامنے آئی ہے جبکہ قومی اسمبلی میں بھی پی ٹی آئی کے کامیاب ہونے والے آزاد امیدواروں کی تعداد سب سے زیادہ 92 ہے۔ قومی اسمبلی میں مسلم لیگ ن کے کامیاب اراکین کی تعداد 75، پیپلزپارٹی کے امیدواروں کی تعداد 54، ایم کیو ایم 17اور دیگر آزاد امیدواروں کی تعداد 4 ہے۔
Comments
0 comment