مائیکل اسمتھ 2 سال کیلیے پاکستان مینز ٹیم کے بیٹنگ کوچ مقرر
Webdesk
|
4 Aug 2026
لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ نے بیٹنگ کوچ کے اہم عہدے کے لیے بڑا فیصلہ کر لیا ہے اور اب نظریں ایک ایسے کوچ پر ہیں جس کا مشن صرف ایک ہے،پاکستانی بیٹنگ کو نئی زندگی دینا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے سائوتھ افریقہ سے تعلق رکھنے والے "مائیکل سمتھ "کو قومی مینز ٹیم کا نیا بیٹنگ کوچ مقرر کر دیا ہے۔ پی سی بی کے مطابق 46 سالہ مائیکل سمتھ دو سال کے معاہدے پر ریڈ بال اور وائٹ بال، دونوں قومی ٹیموں کے ساتھ کام کریں گے۔
مائیکل سمتھ صرف کوچ ہی نہیں بلکہ ایک کامیاب فرسٹ کلاس کرکٹر بھی رہے ہیں۔ انہوں نے اپنے کیریئر میں فرسٹ کلاس، لسٹ اے اور ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ملا کر 7 ہزار 29 رنز بنائیجن میں 9 سنچریاں اور 40 نصف سنچریاں شامل ہیں۔ ان کے تجربے سے پاکستان کی بیٹنگ لائن کو نئی سمت ملنے کی امید کی جا رہی ہے۔
اعلی ترین لیول فور کوچنگ کوالیفکیشن رکھنے والے مائیکل سمتھ دنیا بھر میں کوچنگ کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں۔ وہ پاکستان سپر لیگ کی تین مختلف فرنچائزز کے کوچنگ اسٹاف کا حصہ بھی رہ چکے ہیں جبکہ آسٹریلیا میں "ہوبارٹ ہریکینز"(Hobart Hurricanes) اور "کرکٹ تسمانیہ"(Cricket Tasmania)کے بیٹنگ کوچ کے طور پر بھی خدمات انجام دے چکے ہیں۔
پاکستانی ٹیم میں ان کی پہلی بڑی آزمائش بھی زیادہ دور نہیں۔ مائیکل سمتھ انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز سے قبل قومی اسکواڈ کو جوائن کریں گے جہاں ان کے پاس پاکستانی بیٹرز کی خامیوں کو طاقت میں بدلنے کا سنہری موقع ہوگا۔
پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز 19 اگست سے شروع ہونے جارہی ہے۔ تو کیا مائیکل سمتھ کی آمد پاکستانی بیٹنگ کو نئی پہچان دے گی؟اس کا جواب اب صرف میدان میں ملے گا۔
Comments
0 comment