اداکارہ صحیفہ جبار کی خودکشی کی کوشش
Webdesk
|
15 Dec 2023
پاکستانی اداکارہ اور ماڈل صحیفہ جبار نے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے خودکشی کی کوشش کی تاہم ایک دوست کی وجہ سے ان کی جان بچ گئی۔
صحیفہ نے انسٹاگرام پر اپنی ایک ویڈیو پوسٹ کی جس میں وہ ذہنی صحت کے حوالے سے گفتگو کر رہی تھی اور اس دوران وہ جذباتی ہو کر رونے بھی لگی۔
اداکارہ نے بتایا کہ انہوں نے حال ہی میں گولیاں کھا کر خودکشی کی کوشش کی۔
صحیفہ نے کہا کہ دنیا کو میں نے کبھی بھی رحم دل نہیں پایا مگر یہاں ہمارے چند دوست ایسے ہوتے ہیں جو ہر مشکل میں ساتھ کھڑے ہوتے اور سارے کاموں کو چھوڑ کر مدد کیلیے آجاتے ہیں۔
اپنے دوست کا نام لیے بغیر اداکارہ نے کہا کہ کچھ روز قبل، میں نے ایک دوست کو فون کیا اور کہا کہ میں نے 13 گولیاں کھا لی ہیں اور میں خودکشی کررہی ہوں، میرے شوہر پاکستان میں نہیں ہیں، مجھے کسی کی ضرورت ہے، جو مجھے اس خوف سے نکال سکے۔
صحیفہ جبار نے کہا کہ میری باتیں سُن کر میرے دوست فوراََ میرے گھر آگئے اور پھر جب میری حالت بہتر ہوئی تو میں نے سوچا کہ اگر میرے دوست نہیں آتے تو میں اپنے ساتھ کچھ بھی غلط کرسکتی تھی۔
اُنہوں نے کہا کہ اگر میرے شوہر خضر میرے پاس ہوتے تو شاید بہتر محسوس کرتی لیکن جب میں کینیڈا میں شوہر کے ساتھ تھی تب بھی میری ذہنی صحت خراب ہوگئی تھی، میں ہر وقت خوف میں مبتلا رہتی ہوں، ایسا لگتا ہے کہ میں اپنے ساتھ کچھ کرلوں گی۔
Comments
0 comment