ڈاکٹر یاسمین راشد کا انتقال؟ سوشل میڈیا افواہ کی حقیقت سامنے آگئی
Webdesk
|
1 Jul 2026
پاکستان تحریک انصاف کی خاتون رہنما ڈاکٹر یاسمین راشد کے انتقال کی خبر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
معاملہ کیا ہے؟
تفصیلات کے مطابق 9 مئی کے کیسز میں گرفتار، سزا یافتہ اور کوٹ لکھپت جیل میں قید پی ٹی آئی رہنما ڈاکٹر یاسمین راشد کے انتقال کی خبر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
یہ خبر اس قدر تیزی سے پھیلی کہ اُن کے چاہنے والوں میں بے چینی پھیل گئی جبکہ پی ٹی آئی کے کارکنان بھی تشویش کا اظہار کرنے لگے۔
دعویٰ کیا جارہا تھا کہ کوٹ لکھپت جیل میں ڈاکٹر یاسمین راشد کی طبیعت خراب ہوئی جس کے بعد انہیں اسپتال لے جایا گیا تو وہ دوران علاج دم توڑ گئیں۔
یہ خبر سوشل میڈیا پر جنگل میں آگ لگنے کے مترادف اس قدر تیزی سے پھیل گئی کہ تحریک انصاف کی قیادت کو بھی وضاحت جاری کرنی پڑی۔
حقیقت کیا ہے؟
پاکستان تحریک انصاف کے سیکریٹری جنرل شیخ وقاص اکرم نے سماجی رابطے کی سائٹ ایکس پر جاری پیغام میں کہا کہ اللہ کا شکر ہے ڈاکٹر یاسمین راشد زندہ ہیں اور اُن کے حوالے سے پھیلنے والی خبر میں کوئی صداقت نہیں۔
شیخ وقاص اکرم نے لکھا کہ ڈاکٹر یاسمین راشد عمران خان اور اُن کے نظریے کے ساتھ کھڑے ہونے کی وجہ سے ناحق قید میں ہیں اور قربانی دے رہی ہیں۔
ڈاکٹر یاسمین راشد کے بارے میں پھیلائی جانے والی تمام خبریں جھوٹی ہیں اور اُن کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں ہے۔
ڈاکٹر یاسمین راشد الحمداللہ حیات ہیں اور کوٹ لکھپت جیل میں اپنے لیڈر عمران خان کے نظریے کی خاطر قید و صعوبت کی قربانی دے رہی ہیں۔
عوام کسی افواہ پر کان نا دھرے۔
اُدھر ڈاکٹر یاسمین راشد کے وکیل نے بتایا کہ جیل حکام سے بات ہوئی ہے اور یاسمین راشد ٹھیک ہیں تاہم اُن کی طبیعت کچھ ناساز ہے جس سے عدالت اور جیل انتظامیہ آگاہ ہے۔
Comments
0 comment