عمران خان نے مذاکراتی کمیٹی تشکیل دے دی، 14 دسمبر سے سول نافرمانی کی تحریک کا بھی عندیہ

عمران خان نے مذاکراتی کمیٹی تشکیل دے دی، 14 دسمبر سے سول نافرمانی کی تحریک کا بھی عندیہ

ہماری مذاکراتی کمیٹی دو نکات پر اسٹیک ہولڈرز سے بات کرے گی، جس میں انڈر ٹرائل قیدیوں کی رہائی، 9 مئی اور 26 نومبر کی جوڈیشل انکوائری شامل ہے
عمران خان نے مذاکراتی کمیٹی تشکیل دے دی، 14 دسمبر سے سول نافرمانی کی تحریک کا بھی عندیہ

ویب ڈیسک

|

5 Dec 2024

سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ملک میں ڈکٹیٹر شپ قائم ہو چُکی ہے، ریاستی دہشت گردی کے نتیجے میں نہتے سیاسی کارکنان پہ گولیاں برسائی گئیں اور پُر امن سیاسی کارکنان کو شہید کیا گیا ہے۔ 

ایکس پر جاری اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ ہمارے سینکڑوں کارکنان لا پتہ ہیں۔ سپریم کورٹ کو اب اس کا نوٹس لے کر اپنا آئینی کردار ادا کرنا چاہیے، ہم پہلے بھی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر سپریم کورٹ، لاہور ہائیکورٹ اور اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کیا لیکن عدالتوں کی جانب سے کوئی ایکشن نہیں لیا گیا اور ملک اس نہج پر پہنچ گیا ہے۔

عمران خان نے کہا کہ ہم 13 دسمبر کو پشاورمیں اسلام آباد کے شہدا کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لئے عظیم الشان اجتماع منعقد کریں گے جس میں اپوزیشن کی سیاسی جماعتوں کو شرکت کی دعوت دی جائیگی۔

انہوں نے کہا کہ میں دو نکات پر پانچ رکنی مذاکراتی کمیٹی تشکیل دے رہا ہوں، انڈر ٹرائل سیاسی قیدیوں رہائی اور ⁠9 مئی اور 26 نومبر کے واقعات کی شفاف تحقیقات کے لیے جوڈیشل کمیشن کا قیام۔

اُن کا کہنا تھا کہ ہماری مذاکراتی کمیٹی عمر ایوب خان ، علی امین گنڈاپور، صاحبزادہ حامد رضا، سلمان اکرم راجہ اور اسد قیصر پر مشتمل ہو گی اور اسٹیک ہولڈرز سے مذاکرات کرے گی- اگر ان دو مطالبات کو نہ مانا گیا تو 14 دسمبر سے سول نافرمانی کی تحریک شروع کی جائیگی۔ اس تحریک کے نتائج کی ذمہ داری حکومت پر ہو گی۔

اُن کا کہنا تھا کہ سول نافرمانی کے نتیجہ میں بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں سے اپیل کرینگے کہ وہ ترسیلات زر (remittances) کو محدود کریں اور بائیکاٹ مہم چلائیں۔ اس تحریک کے دوسرے مرحلے میں اس سے آگے بھی جائیں گے!!۔

 

Comments

https://dialoguepakistan.com/ur/assets/images/user-avatar-s.jpg

0 comment

Write the first comment for this!