خیبرپختونخوا میں آپریشنز کے دوران کیپٹن سمیت دو فوجی جوان شہید، 8 خوارج ہلاک
ویب ڈیسک
|
1 Dec 2024
خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں 29 نومبر سے یکم دسمبر تک کی گئی دو علیحدہ کارروائیوں میں سیکیورٹی فورسز نے 8 خوارج کو ہلاک اور دو کو گرفتار کرلیا جبکہ جھڑپوں میں کیپٹن سمیت دو فوجی جوان شہید ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پہلی انٹیلیجنس کارروائی بنوں کے علاقے بکا خیل میں کی گئی جہاں خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر سیکیورٹی فورسز نے خوارج کے ٹھکانے کو نشانہ بنایا۔
اس دوران پانچ خوارج ہلاک اور 9 زخمی ہوئے تاہم اس دوران مقابلے میں ضلع جھنگ سے تعلق رکھنے والے 29 سالہ سپاہی افتخار حسین نے بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔
دوسری کارروائی ضلع خیبر کے علاقے شاگئی میں کی گئی جہاں تین خوارج کو ہلاک جبکہ دو کو گرفتار کیا گیا۔ اس کارروائی میں شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران لاہور سے تعلق رکھنے والے 25 سالہ کیپٹن محمد زوہیب الدین نے اپنی ٹیم کی قیادت کرتے ہوئے بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق مارے گئے خوارج متعدد دہشت گرد کارروائیوں میں ملوث تھے، خوارج نے سیکیورٹی فورسز اور معصوم شہریوں کو نشانہ بنایا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں کسی بھی باقی ماندہ خوارج کو ختم کرنے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں، ہمارے بہادر سپاہیوں کی قربانیاں اس عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔
Comments
0 comment