الیکشن سے تین دن پہلے رہا کر کے جلسہ کرنے دیں، سب کو پتہ لگ جائے گا، عمران خان
ویب ڈیسک
|
20 Jan 2024
پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان نے چلینج کیا ہے کہ انہیں انتخابات سے صرف تین دن پہلے رہا کر کے جلسہ کرنے کی اجازت دی جائے تو سب کو پتہ لگ جائے گا۔
راولپنڈی اڈیالہ جیل میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے بانی پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ توشہ خانہ میں تمام تحائف کا تخمینہ دبئی میں بھارتی شہری کی چھوٹی سی دکان سے لگوایا گیا، سارا کیس اسی گواہ پر تھا جس پر آج جرح کی گئی، ایک کروڑ 80 لاکھ روپے کی جیولری کو 300 کروڑ روپے تک پہنچا دیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ تحائف کی قیمت میں اضافہ صاحب کو خوش کرنے کے لیے کیا گیا اوپر بیٹھے کرنل صاحب سن رہے ہوں گے۔
عمران خان نے کہا کہ مجھے نااہل کیا گیا جبکہ عدالت کا فیصلہ معطل ہو چکا ہے اور سزائے یافتہ نواز شریف کو کلیئر کر دیا، میری نااہلی کے خلاف اپیل اور انسانی حقوق کے لیے دائر پٹیشن کو نہیں سنا جا رہا۔
بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ ہمیں الیکشن مہم چلانے کی اجازت تک نہیں دی جا رہی، یہ کیسی جمہوریت ہے جس میں ہمارے امیدواروں کو گرفتار کیا جا رہا ہے، کاغذات نامزدگی کی مستردگی کے خلاف لاہور ہائی کورٹ فیصلہ کے باوجود 4 روز سے تحریری حکم نامہ جاری نہیں کیا گیا، جس طرح کا الیکشن کروایا جا رہا ہے اس سے ملک میں سیاسی عدم استحکام بڑھے گا اور ملک کا بیڑا غرق ہو جائے گا۔
عمران خان نے کہا کہ ایک مفرور کو ہم پر مسلط کیا جا رہا ہے ملک میں قانون کی حکمرانی ختم ہو چکی لیکن ہم آخری گیند تک لڑیں گے، ان کا کہنا تھا کہ 5 اگست کے بعد نریندر مودی سے کبھی رابطہ نہیں کیا، ابھی نندن کے معاملہ پر بھی مودی سے رابطہ کرنے کی کوئی کوشش نہیں کی یہ سب جھوٹ ہے۔
انہوں نے کہا کہ جو پی ٹی آئی چھوڑے گا وہ اپنا سیاسی مستقبل ختم کر لے گا کیونکہ تحریک انصاف کے ساتھ عوام اور ووٹ بینک ہے اس لیے اسٹیبلشمنٹ سے یہ پارٹی نہیں ٹوٹ رہی، الیکشن ختم ہوتے ہی لوگ پی ٹی آئی کی طرف آئیں گے۔
عمران خان نے کہا کہ ’میں سیاست دان ہوں سیاست کروں گا بندوق ہاتھ میں نہیں پکڑوں گا، عزت ذلت زندگی موت رزق اقتدار سب اللہ دیتا ہے، الیکشن کمیشن کا میچ پہلے سے فکس تھا اسی لیے ہمارے انٹرا پارٹی انتخابات کے معاملے کو التوا دیا جاتا رہا، الیکشن کمیشن انٹرا پارٹی انتخابات پر سوال نہیں اٹھا سکتا، نئے انٹرا پارٹی انتخابات ہوں گے یا نہیں اس بارے ابھی کوئی پتہ نہیں ہے‘۔
اُن کا کہنا تھا کہ صدر مملکت نے معاملات سلجھانے کی بہت کوشش کی، سنا ہے نواز شریف نے لیہ کا جلسہ کینسل کر دیا ان کے جلسے نہیں جلسیاں ہو رہی ہیں، میں کہتا ہوں الیکشن سے تین دن قبل مجھے چھوڑ دیں اور صرف ایک جلسہ کرنے کی اجازت دے دیں ان کو لگ پتہ جائے گا، ایک پلان اللہ بناتا ہے اور ایک پلان بندہ بناتا ہے لیکن ہوتا وہی ہے جو اللہ کا پلان ہوتا ہے۔
عمران خان نے کہا کہ پوسٹل بیلٹ کے ذریعے اپنا حق رائے دہی استعمال کروں گا، یہ سب صرف اس لیے کیا جا رہا ہے کہ عمران خان دوبارہ اقتدار میں نہ آجائے، یہ ماحول اس لیے بنایا گیا کہ ٹرن اؤٹ کم ہو اور پاکستانی منڈیلا نواز شریف کو مسلط کیا جائے۔
Comments
0 comment