ملک بھر میں 12 بجتے ہی انتخابی مہم کا وقت ختم
ویب ڈیسک
|
7 Feb 2024
اسلام آباد: ملک بھر میں 12 بجتے ہی عام انتخابات 2024 کے لیے انتخابی مہم کا وقت ختم ہوگیا، جس کے بعد اب تمام امیدواروں کے گراؤنڈ پر کسی بھی قسم کی انتخابی سرگرمی کرنے پر پابندی ہوگی۔
انتخابات میں حصہ لینے والے تمام امیدواروں اور جماعتوں کو انتخابی مہم کیلیے 6 فروری کی رات 12 بجے تک کی مہلت تھی جس کے بعد ہر قسم کے سیاسی پروگرام، جلسے جلوسوں اور ریلیوں پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔
انتخابی مہم کے آخری روز ن لیگ نے لاہور کے علاقے یوحنا آباد، جے یو آئی نے ڈی آئی خان، ایم کیو ایم نے کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد فائیو اسٹار چورنگی جبکہ جماعت اسلامی نے مختلف علاقوں میں ریلیاں نکالیں۔
ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق وقت ختم ہونے کے بعد انتخابی مہم، اشتہارات اور دیگر تحریری مواد کی الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا پر تشہیر پر جس سے کسی خاص سیاسی پارٹی یا امیدوار کی حمایت یا مخالفت کا شبہ ہو پابندی ہوگی۔ الیکشن کمیشن کے مطابق انتخابی عمل کے انعقاد تک میڈیا پر ہر قسم کے پول سروے پر بھی پابندی ہوگی۔ میڈیا پولنگ ختم ہونے کے ایک گھنٹے بعد نتائج دینا شروع کرسکتا ہے جس میں واضح طور پر یہ بتایا جائے گا کہ یہ نتائج غیرحتمی اور غیر سرکاری ہیں۔
الیکشن کمیشن کے مطابق الیکٹرونک اور پرنٹ میڈیا ضابطہ اخلاق پر سختی سے عمل کرے گا اور خلاف ورزی پر پیمرا اور پی ٹی اے کو قانونی کارروائی کرنے کی ہدایات جاری کردی گئی ہے۔
Comments
0 comment