بھارت کے اسکول میں نرسری کی بچیوں کے ساتھ زیادتی کا اندوہناک واقعہ
ویب ڈیسک
|
21 Aug 2024
ممبئی : بھارت میں لیڈی ڈاكٹر سے جنسی زیادتی كے بعد بہیمانہ قتل كا شور ابھی تھما نہیں كہ ایک اور واقعہ میں درندہ صفت شخص نے اسكول میں نرسری كی دو كم سن طالبات كو اپنی حیوانی جبلت كا نشانہ بنا ڈالا۔
بھارتی میڈیا كے مطابق ریاست مہاراشٹرا كے علاقے تھانے میں ساڑھے تین اور چار سالہ بچی كو اسكول میں سفاک ملزم نے باتھ روم میں لے جاکر جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا جس کے باعث دونوں کی حالت تشویشناک ہوگئی اور انہیں قریبی اسپتال منتقل کیا گیا۔
بچیوں کو اسپتال میں طبی امداد دی جارہی ہے اور ڈاکٹرز نے اُن کی حالت کو تشویشناک قرار دیا ہے۔
واقعے كی اطلاع ملنے پر ہزاروں شہری جمع ہوگئے اور بدلہ پور كے ریلوے اسٹیشن پر مظاہرہ كیا، جس کے باعث چھ گھنٹے تک ریلوے سروس معطل رہی جس پر پولیس نے مظاہرین كو منتشر كرنے كے لیے لاٹھی چارج كیا اور آنسو گیس كی شیلنگ كی۔
لاٹھی چارج اور شیلنگ پر مظاہرین نے بھی پولیس پر پتھراؤ كیا جس سے ریلوے سٹیشن میدانِ جنگ بن گیا اور كئی مظاہرین زخمی ہوگئے جنھیں قریبی ہسپتال میں داخل كیا گیا جب كہ درجن سے زائد كو پولیس نے حراست میں لے لیا۔
مظاہرین نے پولیس سے مطالبہ كیا كہ بچیوں كے ساتھ جنسی زیادتی میں ملوث اسكول كے 23 سالہ خاکروب كو گرفتار كركے پھانسی كی سزا دی جائے۔
اعلی پولیس افسران اور حکومتی شخصیات كے پہنچنے پر مظاہرین نے شكایت كی كہ متاثرہ بچیوں كے والدین كو پولیس اسٹیشن میں 11 گھنٹے انتظار كرایا گیا اور رپورٹ درج نہیں كی گئی جس پر افسران بالا نے موقع پر ہی 3 پولیس اہلكاروں كو معطل كر دیا۔
ابتدائی تفتیش میں انكشاف ہوا كہ نجی اسكول کے گرلز ٹوائلٹ میں وقوعہ كے روز كوئی آیا موجود نہیں تھی اور نہ ہی حفاظتی انتظامات کیے گئے تھے۔
Comments
0 comment