کراچی میں بیوی نے مارپیٹ اور ہراساں کرنے پر شوہر کو قتل کردیا

کراچی میں بیوی نے مارپیٹ اور ہراساں کرنے پر شوہر کو قتل کردیا

پولیس نے ملزمہ کو گرفتار کرلیا
کراچی میں بیوی نے مارپیٹ اور ہراساں کرنے پر شوہر کو قتل کردیا

ویب ڈیسک

|

14 Apr 2024

کراچی کے علاقے گولیمار کھجی گراونڈ محمدی مسجد کے قریب بیوی نے مارپیٹ اور ہراساں کرنے پر شوہر کو گولیاں مار کر قتل کردیا۔

تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے گولیمار میں بیوی نے گلی میں موٹرسائیکل پر کھڑے شوہر کو اپنے خاوند کے پستول سے تین گولیاں مار کر قتل کیا۔

خاتون اور مقتول کی دوسری شادی ایک ماہ قبل ہوئی تھی، ملزمہ کا پہلے شوہر سے ایک بیٹا بھی تھا جبکہ مقتول نے خلع کے بعد دوسری شادی کی تھی۔

پولیس نے موقع پر پہنچ کر ملزمہ کو گرفتار کر کے اسلحہ اور گولیوں کے خول برآمد کرلیے جبکہ مقتول کی لاش ضابطے کی کارروائی کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کر دی۔

پولیس نے بتایا کہ مقتول کی شناخت 45 ضیااللہ ولد عطااللہ کے نام سے ہوئی جو کہ نیو کراچی کا رہائشی تھا، ملزمہ ماہم اور مقتول ضیااللہ دونوں کی دوسری شادی تھی جو کہ ایک ماہ قبل ہی ہوئی تھی جبکہ ملزمہ 3 سالہ بیٹے کی ماں ہے جو اُس کے پہلے شوہر کے ساتھ رہتا ہے۔

مقتول کنسٹرکشن کا کام کرتا تھا جبکہ گرفتار اہلیہ ماہم نے ابتدائی تفتیش کے دوران اپنے مقتول شوہر پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ مجھ سے مار پیٹ اور اسلحہ دیکھا کر خوفزدہ بھی کرتا تھا جبکہ پہلے شوہر سے جو بیٹا ہے اس سے بھی ملنے نہیں دیتا تھا۔

ملزمہ کے مطابق تاہم آج مقتول نے مجھ سے بیٹے سے ملاقات کرانے کا کہا اس دوران اس نے شوہر کا پستول اپنے پرس میں رکھ لیا اور ہم دونوں موٹر سائیکل پر پہلے شوہر کے پاس بیٹے سے ملنے اس کے گھر گولیمار کے لیے روانہ ہوئے ، پہلے شوہر کے گھر سے کچھ فاصلے پر ضیااللہ کے موبائل فون پر کوئی کال آئی تو وہ گلی میں ہی موٹر سائیکل روک کر بات کر رہا تھا کہ اس دوران  موقع پا کر اپنے پرس سے پستول نکال کر اس پر فائرنگ کر دی۔

پولیس کے مطابق مقتول کو سینے اور ہاتھ پر گولیاں لگی تھیں جبکہ پولیس کو جائے واقعہ سے 30 بور پستول کے 3 خول ملے ہیں جبکہ پولیس نے ملزمہ کے قبضے سے آلہ قتل پستول بھی برآمد کرلیا۔

پولیس نے جائے وقوعہ سے چند گلیوں کے بعد رہائش پذیر ملزمہ ماہم کے پہلے شوہر کو بھی تھانے طلب کرلیا جس نے بتایا کہ اس نے ماہم کو اس نے طلاق دیدی تھی جبکہ ابتدائی تحقیقات میں بھی معلوم ہوا ہے کہ مقتول ضیااللہ سے اس کی پہلی بیوی نے چند سال قبل خلع لے لی تھی تاہم واقعہ کے حوالے سے پولیس نے مقتول کے ورثا سے بھی رابطہ کیا ہے۔

Comments

https://dialoguepakistan.com/ur/assets/images/user-avatar-s.jpg

0 comment

Write the first comment for this!