12 hours ago
میر رضا کیس میں پولیس اور میڈیکل لیگو کی سنگین غفلت کا انکشاف
ویب ڈیسک
|
5 Aug 2026
کراچی میں نوجوان تاجر میر رضا کے مبینہ قتل کی تحقیقات میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں تفتیشی ذرائع کا کہنا ہے کہ ابتدائی مرحلے میں پولیس اور میڈیکو لیگل عملے کی مبینہ غفلت کے باعث کیس مزید پیچیدہ ہو گیا۔
ذرائع کے مطابق میر رضا کی لاش ملنے کے وقت جائے وقوعہ کا تفصیلی معائنہ نہیں کیا گیا، جبکہ شواہد جمع کرنے کے عمل میں بھی مطلوبہ احتیاط نہیں برتی گئی۔ دعویٰ کیا گیا ہے کہ نہ ہی کرائم سین کا باریک بینی سے جائزہ لیا گیا اور نہ ہی لاش کا مکمل طبی معائنہ کیا گیا۔
تفتیشی ذرائع کا کہنا ہے کہ میڈیکو لیگل رپورٹ بھی مبینہ طور پر تصاویر اور پولیس سے موصول ہونے والی معلومات کی بنیاد پر مرتب کی گئی، جبکہ متعلقہ افسر نے لاش کا براہ راست معائنہ بھی نہیں کیا۔ بعد ازاں سوشل میڈیا پر معاملہ اٹھنے اور عوامی ردعمل کے بعد کیس پر دوبارہ توجہ دی گئی۔
ذرائع کے مطابق پولیس سرجن نے بھی ابتدائی میڈیکل رپورٹ اور کرائم سین سے متعلق کارروائی پر سوالات اٹھائے ہیں۔ جائے وقوعہ سے نہ زیادہ خون ملا، نہ گولی کا خول یا پروجیکٹائل برآمد ہوا، جبکہ تاحال واردات میں استعمال ہونے والا اسلحہ بھی نہیں مل سکا۔
تحقیقات میں یہ پہلو بھی زیر غور ہے کہ میر رضا کے جسم کے مقابلے میں چہرہ زیادہ خراب حالت میں کیوں تھا۔ اسی تناظر میں موت کی اصل وجہ اور دیگر فرانزک شواہد حاصل کرنے کے لیے قبر کشائی کی تیاری کی جا رہی ہے۔
تفتیشی ذرائع کے مطابق کیس کے مختلف پہلوؤں کا دوبارہ جائزہ لیا جا رہا ہے تاکہ تمام حقائق سامنے لائے جا سکیں، جبکہ تحقیقات کا عمل جاری ہے۔
Comments
0 comment