تیز رفتار بس نے موٹر سائیکل سواروں کو روند ڈالا، 2 افراد جاں بحق
Webdesk
|
2 Sep 2024
کراچی: شہر قائد کے علاقے سائٹ ایریا میں تیز رفتار مسافر بس نے متعدد موٹر سائیکل سواروں کو روند ڈالا، حادثے میں 2 موٹر سائیکل سوار جاں بحق جبکہ 7افراد زخمی ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق پیر کو ٹریفک کا افسوسناک واقعہ کراچی کے علاقے سائٹ ایریا باوانی چالی کے قریب پیش آیا جہاں تیز رفتار مسافر بس نے متعدد موٹر سائیکل سوار کو روند ڈالا، واقعے میں 2 افراد جاں بحق جبکہ 6 موٹر سائیکل سوار اور ایک راہ گیر زخمی ہوگیا۔
ریسکیو حکام کے مطابق تیز رفتار مسافر بس بے قابو ہو کر موٹر سائیکل سواروں پر چڑھ گئی ، جس کے نتیجے میں موٹر سائیکلوں پر سوار 7 افراد زخمی ہوئے جن میں سے دو دم توڑ گئے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ادارے موقع پر پہنچے اور امدادی کاموں کا آغاز کردیا، ریسکیو رضاکاروں نے واقعے میں جاں بحق افراد کی لاشوں کی ضابطے کی کارروائی اور زخمیوں کو طبی امداد کی فراہمی کے لیے اسپتال منتقل کردیا۔
حادثے کا ذمہ دار بس ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا جبکہ عوام نے اپنے طور پر اس کی تلاش شروع کردی۔
واقعے کی اطلاع قانون نافذ کرنے والے اداروں کو بھی فراہم کردی گئی جبکہ ابتدائی طور پر واقعہ تیز رفتار مسافر بس کا بریک فیل ہوجانے کے باعث پیش آیا۔
Comments
0 comment