امریکا پاکستان کے میزائلوں سے خوفزدہ ہونے لگا
ویب ڈیسک
|
20 Apr 2024
امریکا نے پاکستان کے میزائل پروگرام کے لیے سامان فراہم کرنے اور معاونت کے الزام میں 4 کمپنیوں پر پابندی عائد کردی۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کو بیلسٹک میزائل پروگرام کے لیے سامان فراہم کرنے کے الزام میں امریکا نے چین کی تین جبکہ بیلا روس کی ایک کمپنی پر پابندی عائد کردی ہے۔
اس پابندی کے حوالے سے امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان متھیو ملر نے کہا کہ 3 چینی اور ایک بیلا روسی کمپنی نے پاکستان کو طویل فاصلے تک مار کرنے والے میزائلوں سمیت بیلسٹک میزائل بنانے میں مدد فراہم کی ہے۔
محکمہ خارجہ کے ترجمان کے مطابق مذکورہ کمپنیوں نے بڑے پیمانے پر تباہی پھیلانے والے ہتھیاروں کے پھیلاؤ یا ان کی ترسیل کے لیے پاکستان کو مواد فراہم کرنے میں تعاون کیا ہے جس سے پاکستان کو جوہری ہتھیاروں کی تیاری، حصول اور نقل و حمل کی کوششوں میں مدد ملی۔
امریکا کے مطابق ان کمپنیوں نے پاکستان کے طویل فاصلے تک مار کرنے والے میزائل پروگرام سمیت اس کے بیلسٹک میزائل کی تیاری میں اہم اشیا کی ترسیل کی۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ امریکا اپنے دیگر شراکت داروں کے ساتھ بڑے پیمانے پر تباہی پھیلانے والے ہتھیاروں کے پھیلاؤ کے نیٹ ورکس کی روک تھام کا نظام مضبوط بنانے کے لیے پرعزم ہے۔
Comments
0 comment