مودی باز نہ آیا، ہزیمت مٹانے کیلیے پاکستان پر ایک بار پھر حملے کی دھمکی

ویب ڈیسک
|
30 May 2025
کانپور : بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے ایک بار پھر جارحانہ بیانات دیتے ہوئے پاکستان کو دھمکی دی ہے اور کہا ہے کہ "آپریشن سیندور ابھی ختم نہیں ہوا"۔
کانپور میں ترقیاتی منصوبوں کے افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے مودی نے دہشت گردی کے خلاف اپنی پالیسی کے تین نکات بیان کیے اور کہا کہ "ہر دہشت گردانہ حملے کا موثر جواب دیا جائے گا، جوابی کارروائی کا وقت، طریقہ کار اور شرائط ہماری مسلح افواج طے کریں گی، بھارت اب ایٹم بم کی دھمکیوں سے نہیں ڈرے گا"۔
مودی نے پاکستان پر دہشت گردی کی سرپرستی کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ "دشمن کہیں بھی ہو، اسے چھوڑا نہیں جائے گا"۔
پاکستان بارہا ان الزامات کی تردید کر چکا ہے اور کہتا ہے کہ اس کا بھارت میں کسی بھی دہشت گردانہ واقعے سے کوئی تعلق نہیں۔
فروری 2019 کے پلوامہ حملے کے بعد بھارت نے پاکستان کے زیرانتظام کشمیر میں فضائی حملہ کیا تھا، جس کے جواب میں پاکستان نے بھارتی طیارہ گرایا اور پائلٹ گرفتار کیا۔ اس کے بعد دونوں ممالک کے درمیان جنگی صورت حال پیدا ہو گئی تھی۔
حالیہ دنوں میں بھارتی حکام مسلسل پاکستان کے خلاف جارحانہ بیانات دے رہے ہیں، جبکہ پاکستان امن مذاکرات کی پیشکش کر چکا ہے۔ بھارت کا کہنا ہے کہ "دہشت گردی اور مذاکرات ایک ساتھ نہیں چل سکتے"۔
ماہرین کے مطابق بھارت کے اس طرح کے بیانات خطے میں کشیدگی بڑھانے کا باعث بن رہے ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں بہتری کے امکانات کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔
Comments
0 comment