پاکستان میں الیکشن ہیں اور مقبول رہنما جیل کی سلاخوں کے پیچھے ہیں، امریکا
ویب ڈیسک
|
6 Feb 2024
امریکا نے پاکستان میں ہونے والے عام انتخابات میں سابق وزیراعظم کو حصہ نہ لینے پر انتخابی عمل کی شفافیت پر سوالات اٹھا دیے ہیں۔
امریکی وزارت خارجہ کے ترجمان ویدانت پٹیل نے ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران پاکستان میں ہونے والے عام انتخابات کے دوران تحریک انصاف کے بانی اور سابق وزیراعظم عمران خان کے جیل کی سلاخوں کے پیچھے قید ہونے اور ان کا انتخابی نشان بلّا نہ ملنے پر امریکی حکومت کا مؤقف پیش کیا ۔
صحافی کے سوال کا جواب دیتے ہوئے وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ ’پاکستان میں 8 فروری کو الیکشن ہیں مگر سابق وزیراعظم اور مقبول عوامی رہنما عمران خان جیل کی سلاخوں کے پیچھے ہیں، انہیں الیکشن لڑنے کی اجازت نہ ملنے کی وجہ سے انتخابی عمل کی شفافیت پر سوالات اٹھ رہے ہیں۔
ایک سوال کے جواب ’امریکا جمہوری اقدار اور آزادہ اظہار رائے کی حمایت کرتا ہے اور پاکستان میں عمران خان یا تحریک انصاف کے حوالے سے بالکل الٹ صورت حال ہے تو اس پر کیا مؤقف ہے‘ کا جواب دیتے ہوئے ویدانت نے کہا کہ پاکستان میں ہونے والے عام انتخابات کا باریک بینی سے جائزہ لے رہے ہیں، ہمیں وہاں تشدد کے تمام واقعات اور پُرامن مظاہروں سمیت میڈیا بشمول انٹرنیٹ پر پابندیوں پر تشویش ہے۔
انہوں نے کہا کہ ’پاکستان میں انتخابات کے دوران آزادی اظہار رائے پر پابندیاں پریشان کن ہیں، پاکستانی عوام بغیر کسی خوف، تشدد یا دھمکی کے اور آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کے ذریعے اپنی مستقبل کی قیادت کے انتخاب کے بنیادی حق کے استعمال کے حق دار ہیں۔
ترجمان ویدانت پٹیل نے مزید کہا کہ امریکا ہمیشہ ایسا جمہوری عمل دیکھنا چاہتا ہے جو آزادیٔ اظہارِ رائے کے ساتھ تمام جماعتوں کو مکمل طور پر انتخابی عمل میں حصہ لینے کی سہولت فراہم کرتا ہو۔
Comments
0 comment