11 hours ago
وزیراعظم نے کلائیمیٹ ایمرجنسی اور زرعی ایمرجنسی کے نفاذ کی اصولی منظوری دے دی

ویب ڈیسک
|
10 Sep 2025
وزیرِ اعظم نے ملک بھر میں رواں برس مون سون اور سیلابی صورتحال کے پیش نظر کلائیمیٹ ایمرجنسی اور زرعی ایمرجنسی کے نفاذ کی اصولی منظوری کا اعلان کردیا۔
وزیرِ اعظم چاروں صوبوں کے وزراء اعلی اور متعلقہ حکام پر مشتمل اجلاس کی جلد صدارت کریں گے جس میں موسمیاتی تبدیلی کے مضر اثرات سے مزید نقصانات میں کمی کے حوالے سے مستقبل کے لائحہ عمل پر مشاورت ہوگی۔
وفاقی کابینہ کو ملک میں سیلاب کی موجودہ صورتحال اور نقصانات پر بریفنگ دی گئی اور سیر حاصل مشاورت کے بعد ایمرجنسی کی اصولی منظوری کا فیصلہ کیا گیا۔
کابینہ ارکان نے ملک میں لاکھوں ایکڑ زرعی اراضی اور فصلوں کے نقصانات پر روشنی ڈالی اور انفراسٹرکچر کی بحالی و زراعت میں ہونے والے نقصانات کے ازالے اور کسانوں کی معاونت کے حوالے سے بھی تجاویز دیں۔
وفاقی کابینہ نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر شہداء اور افواجِ پاکستان کے مخالف تضحیک آمیز مواد و بیان نشر کرنے کی بھرپور الفاظ میں مزمت کی، پاکستان کی سرحدوں کی حفاظت میں دن رات مصروف عمل افواج پاکستان کے افسران و جوانوں کو اور ملک میں امن کے قیام کیلئے عظیم قربانیاں دینے والے شہداء اور ان کے اہل خانہ کو خراج تحسین پیش کیا۔
وفاقی کابینہ نے ایسے شر پسند عناصر کے سد باب کیلئے سخت ایکشن لینے کی ہدایت کی۔
اس موقع پر وزیرِ اعظم نے کہا کہ ایسے عناصر کی ہر فورم پر حوصلہ شکنی اور انکی تضحیک آمیز مہم کا جواب ہم سب کی قومی ذمہ داری ہے. انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانی قوم اپنے شہداء اور ان کے اہل خانہ کی عظیم قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کر سکتی. مجھ سمیت پوری قوم کو اپنے شہداء اور ان کے اہل خانہ پر فخر ہے۔
Comments
0 comment