کراچی میں دہشتگردی کا بڑا منصوبہ ناکام

14 hours ago

کراچی میں دہشتگردی کا بڑا منصوبہ ناکام

انٹیلی جنس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے کراچی میں دہشت گردی کے ایک انتہائی خطرناک منصوبے کو ناکام بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔
کراچی میں دہشتگردی کا بڑا منصوبہ ناکام

Webdesk

|

5 Jan 2026

انٹیلی جنس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے کراچی میں دہشت گردی کے ایک انتہائی خطرناک منصوبے کو ناکام بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔ 

کئی ہفتوں تک جاری رہنے والے خفیہ اور منظم انٹیلی جنس آپریشن کے بعد یہ کارروائی عمل میں لائی گئی، جس کے دوران دو ہزار کلوگرام سے زائد دھماکہ خیز مواد برآمد کیا گیا۔

اس حوالے سے ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی ذوالفقار لاڑک اور ڈی آئی جی سی ٹی ڈی کیپٹن (ر) غلام اظفر مہیسر نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ مسلسل نگرانی اور مصدقہ اطلاعات کی بنیاد پر پہلے ایک دہشت گرد کو گرفتار کیا گیا، جس سے تفتیش کے دوران مزید معلومات حاصل ہوئیں۔

 بعد ازاں ایک اور کارروائی میں دو مزید دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا گیا۔

گرفتار افراد میں جلیل احمد عرف فرید، نیاز قادر عرف کنگ اور حمدان عرف فرید شامل ہیں۔

 حکام کے مطابق دہشت گردوں نے کراچی سے تقریباً 35 سے 40 کلومیٹر دور ایک مکان کرائے پر لے رکھا تھا، جہاں بارودی مواد ذخیرہ کیا گیا تھا اور شہری آبادی کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کی جا رہی تھی۔

پولیس کے مطابق کارروائی کے دوران 30 سے زائد پلاسٹک ڈرمز اور پانچ دھاتی گیس سلنڈرز میں رکھا گیا دھماکہ خیز مواد برآمد ہوا، جسے بعد ازاں حب کے علاقے میں محفوظ طریقے سے ناکارہ بنا دیا گیا۔ 

حکام کا کہنا ہے کہ اس بڑی مقدار میں بارودی مواد کی برآمدگی سے بے شمار قیمتی جانیں بچائی جا سکیں۔

ابتدائی تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ دھماکہ خیز مواد افغانستان سے بلوچستان کے راستے کراچی پہنچایا گیا، جبکہ شواہد سے ظاہر ہوتا ہے کہ یہ نیٹ ورک ہمسایہ ممالک سے آپریٹ ہو رہا تھا۔ حکام نے دعویٰ کیا کہ اس منصوبے کے تانے بانے بھارت سے منسلک گروہوں، بی ایل اے، بی ایل ایف اور مجید بریگیڈ سے جا ملتے ہیں، جو افغانستان میں مبینہ محفوظ ٹھکانے استعمال کرتے ہیں۔

سی ٹی ڈی حکام کا کہنا ہے کہ دہشت گردی میں یوریا پر مبنی کیمیکلز استعمال کیے جاتے ہیں اور ان کی سپلائی چین کو توڑنا اداروں کی اولین ترجیح ہے۔ 

انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ مقامی سہولت کار معمولی مالی فائدے کے عوض دہشت گردوں کی مدد کرتے ہیں، اس لیے گھروں کی کرایہ داری، یوریا اور دیگر کیمیکلز کے استعمال پر سخت نگرانی اور قوانین کے مؤثر نفاذ کی ضرورت ہے۔

حکام کے مطابق دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے انٹیلی جنس اور سیکیورٹی ادارے پُرعزم ہیں اور اس منصوبے میں ملوث تمام عناصر کا سراغ لگایا جا رہا ہے، جبکہ مزید تفصیلات تحقیقات مکمل ہونے کے بعد سامنے لائی جائیں گی۔

Comments

https://dialoguepakistan.com/ur/assets/images/user-avatar-s.jpg

0 comment

Write the first comment for this!