16 hours ago
سکھر میں سفاک زمیندار نے اونٹ کی ٹانگ کاٹ دی

ویب ڈیسک
|
20 Sep 2025
سکھر کے علاقے صالح پٹ میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں ایک بااثر زمیندار نے مبینہ طور پر اونٹ کو کھیت میں داخل ہونے پر بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق زخمی اونٹ کو ابتدائی طور پر مقامی سطح پر طبی امداد دی گئی، تاہم حالت نازک ہونے کے باعث اسے فوری طور پر کراچی منتقل کیا گیا، جہاں ماہر ویٹرنری ڈاکٹرز کی زیر نگرانی علاج جاری ہے۔
واقعہ اس وقت پیش آیا جب پیاس کی شدت سے اونٹ زرعی کھیت میں داخل ہوا۔ زمیندار نے کھیت کو نقصان پہنچنے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے مبینہ طور پر جانور کو ٹریکٹر کے ساتھ باندھ کر گھسیٹا اور ڈنڈوں سے چہرے پر تشدد کیا۔ اس تشدد کے نتیجے میں اونٹ کی ایک ٹانگ ٹوٹ گئی اور اسے شدید زخم آئے۔
اونٹ کے مالک کا کہنا ہے کہ مقامی ویٹرنری سینٹر میں علاج کی کوشش کی گئی لیکن ڈاکٹروں نے مدد کرنے سے انکار کردیا۔ معاملہ اس وقت منظرعام پر آیا جب زخمی اونٹ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی جس پر عوام نے سخت غم و غصے کا اظہار کیا۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے فوری کارروائی کی ہدایت کی۔
پولیس نے اونٹ کے مالک کی مدعیت میں مقدمہ درج کرلیا ہے اور نامزد تین ملزمان میں سے ایک کو گرفتار کرلیا ہے، جبکہ باقی دو کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
جانوروں کے حقوق کے کارکنان نے اس افسوسناک واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے اور دیہی علاقوں میں جانوروں کے تحفظ کے قوانین پر مؤثر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔
Comments
0 comment