6 hours ago
سونو نگم نے اپنی کامیابی کا کریڈٹ عطا اللہ عیسی خیلوی کو دے دیا

ویب ڈیسک
|
26 Aug 2025
کراچی: معروف بھارتی گلوکار سونو نگم نے اپنی کامیابی کا سہرا لیجنڈری پاکستانی گلوکار عطاء اللہ خان عیسیٰ خیلوی کے سر باندھ دیا۔
حال ہی میں ایک انٹرویو کے دوران، سونو نگم نے انکشاف کیا کہ ان کے کیریئر کا ایک اہم موڑ اس وقت آیا جب انہوں نے عطاء اللہ خان کا مشہور گانا "اچھا صلہ دیا تو نے میرے پیار کا" گایا۔
سونو نگم نے بتایا کہ جب وہ صرف 19 سال کے تھے، تو انہیں پاکستان سے عطاء اللہ خان کا فون آیا، جنہوں نے ذاتی طور پر ان کی گائیکی کی تعریف کی اور حوصلہ افزائی کی۔
سونو نے کہا کہ وہ عطاء اللہ خان کی اس مہربانی کے ہمیشہ شکر گزار رہیں گے، کیونکہ اسی گانے نے ان کی مقبولیت کا آغاز کیا۔
"میں ہمیشہ ان لوگوں کے لیے دعاگو رہتا ہوں جنہوں نے میرے کیریئر میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے میری کامیابی میں بہت زیادہ حصہ ڈالا؛ ان کے گانے، دھنیں اور شاعری میرے میوزک کی تشکیل میں بھی بہت اہم تھیں۔ میں ان کا مقروض ہوں، کیونکہ یہ ان کے گانے ہی تھے جنہیں گا کر مجھے اتنی شہرت ملی،" بولے چوڑیاں کے گلوکار نے مزید کہا۔
انہوں نے عطاء اللہ خان کو ایک "خوبصورت روح" قرار دیا اور زور دیا کہ وہ ان کی زندگی میں ایک خاص مقام رکھتے ہیں۔
میاں والی سے تعلق رکھنے والے عطاء اللہ خان عیسیٰ خیلوی تین دہائیوں سے زائد عرصے سے جنوبی ایشیا کی موسیقی میں ایک بڑی شخصیت ہیں۔
سات زبانوں میں 4,000 سے زیادہ گانے ریکارڈ کروانے والے عطاء اللہ خان اردو اور سرائیکی موسیقی کی سب سے بڑی آوازوں میں سے ایک ہیں۔ ان کا 2006 میں ریلیز ہونے والا لازوال گانا "اچھا صلہ دیا تو نے میرے پیار کا" آج بھی لاکھوں دلوں میں گونجتا ہے۔
Comments
0 comment