21 hours ago
یوٹیوبرز کیخلاف کارروائی کرنے والے این سی سی آئی اے کے ڈائریکٹر کا تبادلہ

ویب ڈیسک
|
21 Sep 2025
نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (NCCIA) لاہور کے ایڈیشنل ڈائریکٹر سرفراز چوہدری کا تبادلہ کرکے ہیڈکوارٹر اسلام آباد تعینات کر دیا گیا ہے۔ یہ اقدام ان کے خلاف شکایات اور حالیہ تنازعات کے بعد کیا گیا۔
ایک انگریزی اخبار کے مطابق سرفراز چوہدری نے تبادلے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے چھ ماہ کی رخصت کے لیے بھی درخواست دی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ جو کام شروع کر چکے ہیں، ان کا جانشین انہیں آگے بڑھائے گا۔ ساتھ ہی انہوں نے کہا:
"جو لوگ سوشل میڈیا پر میرے خلاف ٹرولنگ کر رہے ہیں، ان کو وقت آنے پر جواب دیا جائے گا۔"
گزشتہ ہفتوں میں سرفراز چوہدری کا نام تین بڑے تنازعات سے جوڑا گیا تھا۔ ان میں سب سے اہم کئی یوٹیوبرز اور سوشل میڈیا انفلوئنسرز، بشمول سعد الرحمان عرف ڈکی بھائی اور رجب بٹ کے خلاف کارروائی تھی، جن پر جوا کھیلنے والی ایپس کی تشہیر کا الزام لگایا گیا۔
ایک اور معاملہ وکلاء کے ایک گروہ کے خلاف مقدمہ تھا، جن پر الزام تھا کہ وہ این سی سی آئی اے کی حراست سے ایک مشتبہ شخص کی رہائی کے لیے دباؤ ڈال رہے تھے۔ ایک وکیل کا دعویٰ تھا کہ مشتبہ شخص کو غیر قانونی طور پر حراست میں رکھا گیا اور عدالت کے مقرر کردہ بیلف نے بھی این سی سی آئی اے لاہور آفس کا دورہ کیا۔
تیسرا تنازع لاہور کے صحافیوں اور ایک اعلیٰ پولیس افسر کے درمیان جھگڑے سے متعلق تھا، جس میں صحافیوں نے این سی سی آئی اے سے افسر اور دیگر اہلکاروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔
ذرائع کے مطابق متعدد شکایات موصول ہونے کے بعد ہی ان کا تبادلہ عمل میں لایا گیا۔
Comments
0 comment