پانچ منٹ گولیاں چلائیں تو سب صفایا ہوجائے گا، ہمت ہے تو بشری بی بی ڈی چوک آئیں، عطا تارڑ
ویب ڈیسک
|
26 Nov 2024
وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ اگر ہم پانچ منٹ گولیاں چلائیں تو سب صفائی ہوجائے گی مگر حکومت ایسا نہیں چاہتی، اگر بشریٰ بی بی میں ہمت ہے تو ڈی چوک آئیں۔
اسلام آباد ڈی چوک میں محسن نقوی کے ہمراہ پریس کانفرنس میں عطا تارڑ نے کہا کہ یہ غریب کے بچے کو ڈھال بنانے کیلیے آگے کرتے ہیں، ڈی چوک میں داخل ہونے والے دو افراد گرفتار ہوئے جن میں سے ایک سوات کا دیہاڑی دار مزور تھا اور اُسے پیسے دے کر لایا گیا جبکہ ایک 16 سالہ افغانی بچہ گرفتار ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ احتجاجی مظاہرین پولیس کو بنٹے مار رہے ہیں، یاد رکھیں کہ کنچے مار کر کوئی کسی کو رہا نہیں کرواسکتا۔ عطا تارڑ نے دعویٰ کیا کہ پی ٹی آئی نے افغان شہریوں کو پارٹی کی ممبر شپ دی ہوئی ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ اب ڈی چوک کی صورت حال قابو میں ہے اور اسٹیٹ کی رٹ بحال ہے، ہم نے پی ٹی آئی کے حملے کو پسپا کردیا ہے۔ بشریٰ بی بی قاسم، سلیمان اور اپنے بچوں کو احتجاج میں بلائیں، کوئی کسی قسم کے مذاکرات نہیں ہوں گے، عدالتوں میں کیسز ہیں تو ہم ان سے کیا بات کریں، کیا این آر او اور ڈیل کی جاسکتی ہے؟
عطا تارڑ نے کہا کہ ریاست کے صبر کو نہ آزمائیں، یہ بی بی لاشیں اور خون لینے آئی ہیں، بشریٰ بی بی ہمت کریں اور فرنٹ سے لیڈ کریں، ہم ڈی چوک پر ہی کھڑے ہیں۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ گولی چلانا بہت آسان ہے، 5 منٹ گولیاں چلائیں تو سب صفایا ہوجائے گا مگر ہم ان کو لاشیں نہیں دیں گے۔
عطا تارڑ نے بشریٰ بی بی اور پی ٹی آئی کے مظاہرین کو چلینج کیا کہ آگے آئیں ہم تیار بیٹھے ہیں اور یہاں کھڑے ہوئے ہیں، جو آئے گا ہم اسکو بھرپور جواب دیں گے۔
Comments
0 comment