گلوبل صمود فلوٹیلا: میری موت کی خبر آئے تو پہلے تصدیق کرنا، سینیٹر مشتاق

ویب ڈیسک
|
17 Sep 2025
گلوبل صمود فلوٹیلا میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والے سینیئر سیاستدان مشتاق احمد خان نے انکشاف کیا ہے کہ گزشتہ چند دنوں سے ان کے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز بشمول واٹس ایپ پر شدید سائبر حملے ہو رہے ہیں۔
ان کے مطابق بعض حملے انفرادی نوعیت کے ہیں جبکہ کئی اتنے پیچیدہ ہیں کہ فون پر اس طرح کا کنٹرول محسوس ہوتا ہے جیسے کسی اور کے زیر اثر ہو۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ ان پیچیدہ حملوں کے پیچھے اسرائیلی قوتیں اور ان کے آلہ کار ملوث ہیں۔
مشتاق احمد خان نے کہا کہ وہ ابتدا ہی سے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کی سکیورٹی کے حوالے سے محتاط ہیں اور اس مقصد کے لیے سائبر سکیورٹی ماہرین کی ٹیم بھی ان کے ساتھ کام کر رہی ہے۔
تاہم ان کا کہنا تھا کہ اسرائیلی ریاستی سطح کے سائبر حملوں کا مکمل سدباب ممکن نہیں ہے۔
انہوں نے اپنے حامیوں اور عوام کو متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر ان کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کمپرومائز ہو جائیں تو چند باتوں کا خیال رکھا جائے۔
مشتاق احمد نے کہا کہ میں نے کبھی بھی فلسطین کاز، ڈاکٹر عافیہ کیس یا کسی اور مقصد کے لیے چندہ یا عطیات جمع نہیں کیے اور نہ ہی اس مقصد کے لیے کوئی اپیل کی ہے۔ اس لیے ایسی کوئی بھی درخواست ان کی جانب سے نہیں ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ اگر میرے حوالے سے کوئی افسوسناک خبر یا حادثے کی اطلاع ملے تو اسے شیئر کرنے سے پہلے مکمل تحقیق ضروری ہے۔
اسکے علاؤہ اگر کمپرومائزڈ اکاؤنٹس کے ذریعے ناپسندیدہ مواد یا جھوٹی خبریں پھیلائی جا سکتی ہیں، اس لیے عوام محتاط رہیں۔
ان کے سیاسی نظریات اور جدوجہد پر جھوٹے پروپیگنڈے یا ’’رجوع‘‘ کی من گھڑت خبریں نشر ہو سکتی ہیں۔
کسی بھی قسم کے مشکوک ڈاؤن لوڈ لنکس یا ذاتی معلومات طلب کرنے والے پیغامات ہرگز نہ کھولیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ شعائر اسلام، وحدت امت اور ملکی و قومی مفاد کے خلاف کوئی بھی بات اگر ان کے نام سے منسوب کی جائے تو وہ جھوٹی ہوگی۔
مشتاق احمد خان نے اپنے پیغام کے آخر میں کہا کہ’’سائبر اٹیکس ہوں یا ڈرون اٹیکس، رکیں گے نہیں… غزہ ضرور پہنچیں گے، ان شاء اللہ۔‘‘
Comments
0 comment