کراچی میں شدید گرمی کی لہر جاری، درجہ حرارت مزید بڑھنے کا امکان

Webdesk
|
27 May 2025
کراچی : شہر قائد میں شدید گرمی کی لہر جاری ہے اور جمعرات و جمعہ کے روز درجہ حرارت مزید بڑھنے کا امکان ہے۔
ترجمان محکمہ موسمیات و ڈپٹی ڈائریکٹر انجم نذیر ضیغم کے مطابق کراچی میں گرمی کی شدت میں اضافہ اور درجہ حرارت 40 ڈگری کو چھو سکتا ہے۔ مئی کے اختتام پر کراچی میں مرطوب موسم، جون کے آغاز پر شدید گرمی کا امکان ہے۔
رواں ماہ (مئی) کے اختتام اور جون کے آغاز پر کراچی میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے۔
شہرِ قائد میں آئندہ چند روز کے دوران درجہ حرارت 37 سے 39 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کی توقع ہے، جب کہ جمعرات اور جمعہ کو پارہ 40 ڈگری سے تجاوز کر سکتا ہے، تاہم زیادہ سے زیادہ 43 ڈگری تک بھی جانے کا امکان ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اگرچہ گرمی کی شدت میں اضافہ ہو رہا ہے، تاہم ہیٹ ویو کا کوئی امکان نہیں ہے۔کراچی میں مئی کے مہینے میں اوسط درجہ حرارت 35.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا جاتا ہے، مگر اس سال مہینے کے اختتام پر درجہ حرارت معمول سے زیادہ رہنے کا امکان ہے۔
علاوہ ازیں جمعہ کے روز سمندری ہوائیں بحال رہیں گی، تاہم ہوا کی نمی کے باعث حبس میں اضافہ اور گرمی کی شدت زیادہ محسوس کی جا سکتی ہے۔
ماہرین موسمیات نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ دوپہر کے اوقات میں غیر ضروری طور پر باہر نکلنے سے گریز کریں، پانی کا زیادہ استعمال کریں اور خود کو سورج کی تیز شعاعوں سے محفوظ رکھیں۔
شہر میں فی الحال ہیٹ ویو جیسی صورت حال نہیں ہے، لیکن درجہ حرارت میں اضافے کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کرنا ضروری ہے، کیونکہ مرطوب موسم کے باعث گرمی کی شدت جسم پر زیادہ اثر انداز ہو سکتی ہے۔
Comments
0 comment