الخدمت کے تعاون سے فلسطینیوں کیلیے ایک اور امدادی کھیپ روانہ

ویب ڈیسک
|
15 Sep 2025
لاہور: حکومتِ پاکستان نے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے ذریعے فلسطینی عوام کے لیے امداد کی ایک اور بڑی کھیپ روانہ کر دی، جس میں الخدمت فاؤنڈیشن نے بھی تعاون فراہم کیا۔
یہ امدادی سامان لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے خصوصی پرواز کے ذریعے غزہ بھیجا گیا۔ 100 ٹن وزنی اس کھیپ میں آٹا، چاول، کوکنگ آئل، چنے، تیار کھانے اور ڈبہ بند پھل سمیت دیگر اشیائے ضروریہ شامل ہیں۔ اس طرح مجموعی طور پر اب تک 22 پروازوں کے ذریعے 2127 ٹن امداد فلسطین پہنچائی جا چکی ہے۔
روانگی کے موقع پر وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف مہمانِ خصوصی تھیں، جبکہ حکومتی نمائندے اور این ڈی ایم اے کے افسران بھی موجود تھے۔
مریم نواز نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی قوم فلسطینی بھائیوں کے ساتھ ہے، اور غزہ کے مظلوم عوام پر ہونے والے مظالم نے ہر حساس دل کو بے چین کر رکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ امدادی سامان دراصل پاکستان کے عوام کی محبت اور یکجہتی کا پیغام ہے۔
وزیر اعلیٰ نے این ڈی ایم اے اور فلاحی اداروں کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان مشکل وقت میں اہل فلسطین کو تنہا نہیں چھوڑے گا اور ان کی ضروریات پوری کرنے کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرتا رہے گا۔
Comments
0 comment