مصطفی عامر قتل کیس کے ملزم ارمغان کی ضمانت منظور

مصطفی عامر قتل کیس کے ملزم ارمغان کی ضمانت منظور

غیر قانونی کال سینٹر چلانے کے الزام میں عدالت نے 1 لاکھ روپے کے عوض ضمانت منظور کرلی
مصطفی عامر قتل کیس کے ملزم ارمغان کی ضمانت منظور

ویب ڈیسک

|

5 Jan 2026

کراچی کی ایک عدالت نے پیر کے روز غیر قانونی کال سینٹر چلانے کے مقدمے میں ملزم ارمغان کامران کو بعد از گرفتاری ضمانت دے دی ہے۔

ارمغان کامران اس وقت مصطفیٰ عامر قتل کیس میں مرکزی ملزم ہیں، جبکہ ان کے خلاف پولیس مقابلے، اسلحہ اور منشیات رکھنے سمیت دیگر مقدمات بھی درج ہیں۔ اس کے علاوہ نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے ان کے خلاف ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی میں واقع بنگلے سے مبینہ طور پر غیر قانونی کال سینٹر چلانے کا الگ مقدمہ بھی درج کیا تھا۔

این سی سی آئی اے کے مطابق ملزم پر ہراسانی، دھوکہ دہی، اسپورفنگ، فشنگ اور بھتہ خوری جیسے الزامات عائد کیے گئے تھے۔ تاہم کیس کی سماعت کے دوران عدالتی مجسٹریٹ نے ارمغان کو ایک لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکوں کے عوض ضمانت منظور کرتے ہوئے فوری رہائی کا حکم دیا، بشرطیکہ وہ کسی اور مقدمے میں مطلوب نہ ہوں۔

عدالت کو بتایا گیا کہ اگرچہ اس مقدمے میں ضمانت منظور ہو چکی ہے، تاہم دیگر کیسز میں ضمانت نہ ہونے کے باعث ملزم فوری طور پر رہا نہیں ہو سکے گا۔

سماعت کے دوران ملزم کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ ان کے مؤکل کے خلاف تفتیش 2025 میں مکمل ہو چکی ہے اور الزامات کے حق میں کوئی ٹھوس شواہد پیش نہیں کیے گئے۔ وکیل کے مطابق نہ تو کیس میں کوئی مدعی موجود ہے اور نہ ہی کوئی گواہ، جس کی بنیاد پر عدالت سے ضمانت کی استدعا کی گئی۔

عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد غیر قانونی کال سینٹر کے مقدمے میں ضمانت منظور کر لی۔

Comments

https://dialoguepakistan.com/ur/assets/images/user-avatar-s.jpg

0 comment

Write the first comment for this!