پاکستان آکر شادی کرنے والی بھارتی سکھ خاتون ڈی پورٹ

پاکستان آکر شادی کرنے والی بھارتی سکھ خاتون ڈی پورٹ

خاتون کو واہگہ بارڈر کے ذریعے بھارت واپس بھیجا جائے گا
پاکستان آکر شادی کرنے والی بھارتی سکھ خاتون ڈی پورٹ

ویب ڈیسک

|

5 Jan 2026

سکھ یاترا کے بہانے پاکستان آنے والی ایک بھارتی خاتون کو آج اٹاری واہگہ بارڈر کے راستے واپس بھارت بھیجا جا رہا ہے۔ 

حکام کے مطابق خاتون نے پاکستان میں قیام کے دوران ایک مقامی شخص سے شادی کی تھی۔

52 سالہ سربجیت کور کا تعلق بھارتی ریاست پنجاب کے ضلع کپور تھلہ کے گاؤں امانے پور سے ہے۔

خاتون 4 نومبر 2025 کو 1932 سکھ یاتریوں کے ایک گروپ کے ساتھ پاکستان پہنچی تھیں، جو بابا گورو نانک کی جنم دن تقریبات میں شرکت کے لیے آیا تھا۔

یاتریوں کا یہ گروپ 13 نومبر کو واپس بھارت چلا گیا، تاہم سربجیت کور پاکستان میں ہی رک گئیں۔ 

اس دوران انہوں نے اسلام قبول کیا، اپنا نام نور حسین رکھا اور شیخوپورہ کے رہائشی ناصر حسین سے نکاح کر لیا۔ ذرائع کے مطابق یہ نکاح 5 نومبر کو ہوا۔

یہ معاملہ اس وقت منظرِ عام پر آیا جب نکاح نامہ اور چند ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوئیں، جن میں خاتون نے دعویٰ کیا کہ وہ ناصر حسین کو گزشتہ نو برس سے جانتی ہیں اور دونوں کی پہلی ملاقات دبئی میں ہوئی تھی۔

4 جنوری کو پاکستانی حکام نے انٹیلی جنس بیورو اور مقامی پولیس کی مشترکہ کارروائی کے دوران ننکانہ صاحب کے قریب گاؤں پہرے والی سے سربجیت کور اور ناصر حسین کو حراست میں لیا۔

بعد ازاں پاکستان سکھ گوردوارہ پربندھک کمیٹی کے صدر اور صوبائی وزیر رمیش سنگھ اروڑا نے گرفتاری کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ خاتون کا سنگل انٹری ویزا ختم ہو چکا تھا، جس کے باعث ان کی بھارت واپسی کے انتظامات کیے گئے ہیں۔

حکام کے مطابق قانونی کارروائی مکمل ہونے کے بعد آج انہیں واہگہ بارڈر کے ذریعے بھارت کے حوالے کر دیا جائے گا۔

Comments

https://dialoguepakistan.com/ur/assets/images/user-avatar-s.jpg

0 comment

Write the first comment for this!