4 hours ago
پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تاریخی دفاعی معاہدہ طے پا گیا

ویب ڈیسک
|
18 Sep 2025
ریاض: پاکستان اور سعودی عرب نے دارالحکومت ریاض میں ایک جامع اسٹریٹجک دفاعی معاہدے (SMDA) پر دستخط کر دیے، جس سے دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعلقات ایک نئے دور میں داخل ہو گئے ہیں۔
معاہدے پر دستخط سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور وزیراعظم شہباز شریف نے الیمامہ پیلس میں کیے۔ اس موقع پر دونوں ممالک کے اعلیٰ سطحی وفود بھی موجود تھے۔
مشترکہ اعلامیے کے مطابق یہ معاہدہ اس اصول پر مبنی ہے کہ کسی بھی ایک ملک پر ہونے والی جارحیت کو دونوں ریاستوں کے خلاف حملہ تصور کیا جائے گا۔ معاہدے کا مقصد دفاعی تعاون کو وسعت دینا، خطے میں امن قائم رکھنا اور موجودہ و آئندہ سیکیورٹی خطرات سے مشترکہ طور پر نمٹنا ہے۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ پاکستان اور سعودی عرب کی آٹھ دہائیوں پر محیط شراکت داری ہمیشہ اسٹریٹجک نوعیت کی رہی ہے۔
اس معاہدے سے دونوں ملکوں کے دفاعی رشتے مزید مضبوط ہوں گے اور خطے میں امن و استحکام کے لیے ان کا کردار اور مؤثر ہو جائے گا۔
ذرائع کے مطابق اس دفاعی معاہدے کی کامیابی میں آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کلیدی کردار ادا کیا۔ معاہدے کے بعد پاکستان باضابطہ طور پر حرمین شریفین کے تحفظ میں سعودی عرب کا شراکت دار بن گیا ہے۔
معاہدے کی شقوں میں واضح کیا گیا ہے کہ دونوں ممالک اپنی عسکری تیاریوں کو مربوط کریں گے، مشترکہ فوجی مشقوں اور دفاعی صنعت میں تعاون کو مزید فروغ دیں گے، اور اگر کسی ایک ملک کو بیرونی جارحیت کا سامنا ہو تو دوسرا ملک بھی اس کے دفاع کے لیے ساتھ کھڑا ہوگا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اس موقع پر شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور کہا کہ یہ معاہدہ دونوں ملکوں کے دیرینہ تعلقات کو ایک نئی جہت دے گا۔
Comments
0 comment