پاکستانی عازمین حج کا ڈیٹا ڈارک ویب پر لیک، چیئرمین پی ٹی اے کی تصدیق

ویب ڈیسک
|
20 Sep 2025
چیئرمین پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) میجر جنرل (ر) حفیظ الرحمان نے انکشاف کیا ہے کہ حج کے لیے درخواست دینے والے تقریباً تین لاکھ افراد کا ذاتی ڈیٹا ڈارک ویب پر دستیاب ہے۔
یہ بات انہوں نے سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے آئی ٹی کو بریفنگ دیتے ہوئے بتائی، اجلاس کی صدارت سینیٹر پلوشہ خان نے کی۔ چیئرمین پی ٹی اے نے کہا کہ متعلقہ ڈیٹا پہلی بار 2022 میں ڈارک ویب پر سامنے آیا تھا۔
ان کے مطابق سم کارڈز کا ریکارڈ بنیادی طور پر کمپنیوں کے پاس ہوتا ہے، حتیٰ کہ ان کی اپنی سم کا ڈیٹا بھی 2022 سے ڈارک ویب پر موجود ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ انٹرنیٹ کے دیرپا مسائل کے حل کے لیے سپیکٹرم آکشن ناگزیر ہے۔ اس دوران کمیٹی ارکان نے موبائل فون سروس کے ناقص معیار اور بار بار کالز ڈراپ ہونے پر شدید ناراضی کا اظہار کیا۔
حکومتی رکن سینیٹر افنان اللہ خان نے اجلاس میں کہا کہ پاکستان کو دباؤ کا سامنا ہے کہ ڈیٹا سیکیورٹی سے متعلق مؤثر قانون سازی نہ کی جائے، جو ایک تشویشناک صورتحال ہے۔
Comments
0 comment