سب کو ملکر اب کشمیر کی آزادی کیلیے کردار ادا کرنا ہوگا، ڈی جی آئی ایس پی آر

ویب ڈیسک
|
25 May 2025
خیبر پختونخوا کی مختلف جامعات کے 2500 سے زائد طلبا کے ساتھ خصوصی نشست میں پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ "پاکستان امن پسند ملک ہے اور ہم ہمیشہ امن کو ترجیح دیتے ہیں، لیکن اگر کوئی ہماری سلامتی کو چیلنج کرے تو ہمارا جواب شدید ہوگا۔"
اس موقع پر طلبا نے "پاک فوج زندہ باد" اور "کشمیر بنے گا پاکستان" کے نعروں سے فضا کو گونج دیا۔ سبز ہلالی پرچموں اور ملی نغموں نے ماحول کو پرجوش بنا دیا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ "پاکستان ایک مضبوط دفاعی دیوار کی طرح کھڑا ہے۔ ہندوستان کی جانب سے کیے گئے کسی بھی جارحانہ اقدام کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔"
انہوں نے مزید کہا کہ "26 فروری 2019 کے بعد ہم نے ہندوستان کو 26 مختلف مقامات پر جوابی کارروائیوں سے نوازا۔"
انہوں نے واضح کیا کہ "پاک فوج نے کبھی سویلین انفراسٹرکچر یا غیر فوجی اہداف کو نشانہ نہیں بنایا، کیونکہ ہم امن کے خواہاں ہیں، لیکن دشمن کی کوئی بھی جارحیت بے جواب نہیں رہے گی۔"
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا کہ "پاکستان میں ہونے والی دہشت گردی، خواہ وہ خوارج کی ہو یا بلوچستان میں ہندوستان کی سرپرستی والی تخریب کاری، سب کے پیچھے بھارت کا ہاتھ ہے۔"
انہوں نے افغان حکام سے اپیل کی کہ "وہ اپنی زمین کو دہشت گردوں کے لیے پناہ گاہ نہ بننے دیں اور ہندوستان کے آلہ کار بننے سے گریز کریں۔"
انہوں نے پختون طلبا اور عوام کی بہادری کو سراہتے ہوئے کہا کہ "پختونوں کی تاریخ وطن کی محبت اور بہادری سے بھری پڑی ہے۔ جو لوگ مساجد کو نشانہ بناتے ہیں یا معصوموں کو شہید کرتے ہیں، وہ نہ تو اسلام کا حصہ ہیں اور نہ ہی پختون روایات کے داعی ہیں۔"
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کشمیری عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ "کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور اسے ہندوستان کی غلامی سے آزاد کرانا ہماری مشترکہ ذمہ داری ہے۔"
انہوں نے زور دے کر کہا کہ "وقت آ گیا ہے کہ ہم سب مل کر کشمیر کی آزادی کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔"
اس موقع پر طلبا اور شرکاء نے یک زبان ہو کر "پاکستان پائندہ باد" کے نعرے لگائے اور پاک فوج کے عزم کی حمایت کا اعلان کیا۔
Comments
0 comment