8 hours ago
ٹک ٹاک پر مکمل پابندی کی قرارداد جمع

ویب ڈیسک
|
16 Sep 2025
لاہور: پنجاب اسمبلی میں ٹک ٹاک پر مکمل پابندی عائد کرنے کے لیے قرارداد جمع کرا دی گئی۔
یہ قرارداد اپوزیشن کے رکن صوبائی اسمبلی فاروق جاوید مون کی جانب سے پیش کی گئی، جس میں وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ ملک بھر میں ٹک ٹاک پر پابندی لگائی جائے۔
قرارداد کے متن کے مطابق ٹک ٹاک کا "لائیو چیٹ" فیچر فحاشی اور عریانی کو فروغ دے رہا ہے اور نئی نسل بالخصوص بچوں کو بے راہ روی کی طرف راغب کر رہا ہے۔
مزید کہا گیا ہے کہ نو عمر لڑکے اور لڑکیاں غیر اخلاقی گفتگو میں مشغول ہوتے ہیں اور ایک دوسرے کو نازیبا سرگرمیوں پر اکساتے ہیں، جو اسلامی سماجی اقدار کے منافی ہے۔
قرارداد میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ نوجوان تیز شہرت اور پیسہ کمانے کی خاطر ٹک ٹاک جیسے پلیٹ فارمز کی جانب متوجہ ہو رہے ہیں، جس سے معاشرتی بگاڑ میں اضافہ ہو رہا ہے۔
اسی لیے پنجاب اسمبلی کی قرارداد میں وفاقی حکومت سے فوری طور پر ٹک ٹاک اور اس کے لائیو چیٹ فیچر پر پابندی عائد کرنے کی اپیل کی گئی ہے تاکہ نئی نسل کو اخلاقی تباہی سے بچایا جا سکے۔
یاد رہے کہ ٹک ٹاک پر اس سے قبل بھی پاکستان میں فحش مواد اور غیر اخلاقی رجحانات کے باعث عارضی پابندیاں عائد کی جا چکی ہیں۔
Comments
0 comment