21 hours ago
76 فیصد امریکی ٹرمپ کو نوبیل انعام دینے کے مخالف

ویب ڈیسک
|
24 Sep 2025
واشنگٹن: ایک حالیہ سروے میں انکشاف ہوا ہے کہ بڑی تعداد میں امریکی عوام سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو نوبیل امن انعام کا مستحق نہیں سمجھتے۔
واشنگٹن پوسٹ کی جانب منعقد ہونے والے اِپسوس سروے کے مطابق، جو رواں ماہ کے آغاز میں کیا گیا، 76 فیصد امریکی بالغ شہریوں نے کہا کہ ٹرمپ کو یہ اعزاز نہیں ملنا چاہیے، جبکہ صرف 22 فیصد نے اس کی حمایت کی۔
سروے میں یہ بھی سامنے آیا کہ امریکی عوام بین الاقوامی تنازعات سے متعلق ٹرمپ کی پالیسیوں پر شکوک رکھتے ہیں۔ تقریباً 60 فیصد افراد نے روس-یوکرین جنگ پر ان کے رویے کو ناپسند کیا جبکہ 58 فیصد نے اسرائیل اور حماس کے تنازع سے متعلق ان کی حکمتِ عملی کو مسترد کیا۔
یہ سروے 11 سے 15 ستمبر کے دوران 2,513 امریکی بالغ شہریوں سے آن لائن کیا گیا تھا۔ دلچسپ امر یہ ہے کہ خود ریپبلکن پارٹی میں بھی آراء منقسم ہیں: 49 فیصد ریپبلکنز نے کہا کہ ٹرمپ کو انعام ملنا چاہیے جبکہ اتنی ہی شرح نے مخالفت کی۔
آزاد خیال (انڈیپنڈنٹ) ووٹرز میں صرف 14 فیصد نے ٹرمپ کی حمایت کی، جبکہ ڈیموکریٹک پارٹی کے صرف 3 فیصد حامی اس کے حق میں تھے۔
یہ نتائج ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب ٹرمپ نے نیویارک میں اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ وہ اپنے دورِ حکومت میں سات بڑے تنازعات ختم کر چکے ہیں، جن میں کمبوڈیا و تھائی لینڈ، کوسووو و سربیا، کانگو و روانڈا، پاکستان و بھارت، اسرائیل و ایران، مصر و ایتھوپیا اور آرمینیا و آذربائیجان شامل ہیں۔
ٹرمپ نے اپنی تقریر میں کہا کہ "سب لوگ یہ کہہ رہے ہیں کہ مجھے نوبیل امن انعام ملنا چاہیے۔"
Comments
0 comment