دبئی نے نجی شعبوں میں ملازمت کے خواہش مندوں کیلیے زبردست سہولت

ویب ڈیسک
|
27 May 2025
متحدہ عرب امارات نے نجی شعبے کے ملازمین کے لیے تعلیمی اسناد کی تصدیق کی نئی ڈیجیٹل سروس متعارف کروا دی ہے۔
متحدہ عرب امارات نے نجی شعبے کے ملازمین کی تعلیمی اسناد کی تصدیق کے عمل کو آسان بنانے کے لیے ایک نئی ڈیجیٹل سروس کا آغاز کیا ہے۔
وزارت انسانی وسائل (MoHRE) کے تحت شروع کی گئی یہ سروس ملازمت کے عمل کو تیز، موثر اور زیادہ شفاف بنانے میں مدد فراہم کرے گی۔
یہ سروس ان ملازمین کے لیے ہے جن کے پاس غیر ملکی تعلیمی اسناد ہیں، تاہم جلد ہی یہ امارات میں جاری کردہ ڈگریوں پر بھی لاگو ہوگی۔ اسے MoHRE کی سرکاری ویب سائٹ، اسمارٹ ایپ، یا ملک بھر میں موجود کاروباری خدمات کے مراکز کے ذریعے استعمال کیا جا سکتا ہے۔
یہ نظام کاغذی کارروائی کو کم کرتے ہوئے تعلیمی اسناد کی تصدیق کو مکمل طور پر ڈیجیٹل بنائے گا۔
وقت کی بچت:
حکام کے مطابق عام طور پر غیر ملکی ڈگریوں کی تصدیق میں 10 دن یا زیادہ وقت لگتا ہے، جبکہ پہلے سے تصدیق شدہ اسناد کے لیے 2 دن درکار ہوتے ہیں۔ نئی سروس کے ذریعے یہ عمل مزید تیز ہو جائے گا۔
یہ نظام جعلی اسناد کی روک تھام کرتے ہوئے ملازمت کے ضوابط کو مضبوط بنائے گا۔
نجی اور سرکاری ادارے براہ راست ڈیجیٹل طریقے سے اپنے ملازمین کی اسناد کی تصدیق کر سکیں گے۔
فی الحال، غیر ملکی ملازمین کو اپنی تعلیمی اسناد پہلے اپنے آبائی ملک سے تصدیق کروانی پڑتی ہیں، جس کے بعد انہیں امارات میں بھی سرکاری طور پر تسلیم کروانا ہوتا ہے۔
نئی سروس اس پورے عمل کو ڈیجیٹل اور یکجا کر دے گی، جس سے اماراتی مارکیٹ میں روزگار کے حصول میں غیر ملکی افرادی قوت کے لیے آسانی ہوگی۔
یہ اقدام حکومت کی جانب سے ملک میں کاروباری ماحول کو بہتر بنانے اور غیر ملکی ہنر مند افرادی قوت کو راغب کرنے کی کوششوں کا حصہ ہے۔
Comments
0 comment