1 hour ago
غزہ میں اسرائیلی بربریت مزید 83 فلسطینی شہید، مجموعی تعداد 65 ہزار سے متجاوز

ویب ڈیسک
|
18 Sep 2025
صیہونی فوج کے تازہ فضائی اور زمینی حملوں میں غزہ ایک بار پھر خون میں نہا گیا۔ اسرائیلی بمباری سے مسجد سمیت کئی رہائشی عمارتیں مکمل طور پر تباہ ہوگئیں جبکہ صرف ایک دن میں 83 نہتے فلسطینی شہید ہوگئے۔
عینی شاہدین کے مطابق الشفا اسپتال کے قریب حملے میں 19 افراد جامِ شہادت نوش کرگئے، جب کہ ال اہلی اسپتال کے نزدیک بمباری سے مزید 4 فلسطینی لقمہ اجل بنے۔ مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ اسرائیلی حملوں نے پورے علاقے کو کھنڈر میں تبدیل کردیا ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق 7 اکتوبر 2023 سے جاری صیہونی جارحیت میں شہدا کی کُل تعداد 65 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے، جن میں بڑی تعداد خواتین اور بچوں کی ہے۔
دوسری جانب چین اور سعودی عرب نے اسرائیل کے تازہ فوجی آپریشن کی شدید مذمت کی ہے۔ اقوام متحدہ، کینیڈا، فرانس اور آئرلینڈ نے بھی ان حملوں کو ناقابلِ قبول قرار دیتے ہوئے فوری جنگ بندی پر زور دیا ہے۔
یورپی کمیشن میں اسرائیل کے خلاف پابندیوں کی تجاویز بھی پیش کی گئی ہیں تاہم بعض یورپی ممالک کی مخالفت کے باعث ان کے منظور ہونے کے امکانات کم بتائے جا رہے ہیں۔
Comments
0 comment