15 hours ago
لندنـ آپریشن کے دوران مریض کو چھوڑ کر نرس کے ساتھ جنسی عمل، پاکستانی ڈاکٹر نے اعتراف کرلیا

ویب ڈیسک
|
16 Sep 2025
لندن: برطانیہ میں تعینات ایک پاکستانی ڈاکٹر سہیل انجم کے خلاف آپریشن کے دوران تھیٹر میں مریض کو چھوڑ کر نرس کے ساتھ جنسی عمل کرنے کے کیس میں انتظامیہ نے میڈیکل ٹربیونل تشکیل دیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق 44 سالہ ڈاکٹر سہیل انجم اور ایک نرس کو ٹیمسائیڈ اسپتال میں ایک ساتھی عملے نے اچانک "قابل اعتراض حالت" میں دیکھا تھا۔
واقعہ اس وقت پیش آیا جب ڈاکٹر انجم نے ایک مریض کو بے ہوشی کی حالت میں دوسرے نرس کے سپرد کیا اور بہانے سے آپریشن تھیٹر سے نکل گئے۔ وہ قریب ہی موجود ایک اور تھیٹر میں گئے جہاں نرس کے ساتھ سیکس کرتے پکڑے گئے تھے۔
جنرل میڈیکل کونسل (GMC) کے نمائندے اینڈریو مولائے نے بتایا کہ ڈاکٹر انجم اس دن پانچ کیسز کے دوران مریضوں کو بے ہوش کرنے پر مامور تھے۔ تیسرے کیس کے دوران وہ تقریباً آٹھ منٹ کے لیے غیر حاضر رہے۔ خوش قسمتی سے مریض کو کوئی نقصان نہیں پہنچا اور آپریشن کامیابی سے مکمل ہو گیا۔ تاہم، معاملہ نرس کی رپورٹ کے بعد اسپتال انتظامیہ تک پہنچا۔
ڈاکٹر انجم نے سماعت کے دوران حقائق تسلیم کر لیے اور کہا کہ یہ ان کی "غلط فیصلے کی ایک بار کی کوتاہی" تھی، جس پر انہیں شدید شرمندگی ہے۔
ڈاکٹر سہیل انجم نے کہا کہ "یہ بہت شرمناک لمحہ تھا۔ میں نے نہ صرف اپنے مریض بلکہ اپنے ساتھیوں، اسپتال اور اپنے پیشے کو مایوس کیا۔"
انہوں نے اعتراف کیا کہ مریض کو چھوڑ کر جانا غیر ذمہ دارانہ اقدام تھا، جس سے مریض کی جان خطرے میں پڑ سکتی تھی۔
ڈاکٹر انجم نے مزید بتایا کہ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب وہ گھریلو مسائل اور ذہنی دباؤ کا شکار تھے۔ ان کے مطابق جنوری 2023 میں ان کی بیٹی قبل از وقت اور انتہائی کم وزن کے ساتھ پیدا ہوئی، جس کے بعد بیوی کی صحت اور خاندانی مسائل نے ان کی زندگی پر گہرا اثر ڈالا۔
انہوں نے کہا کہ وہ اب پاکستان سے واپس آ چکے ہیں لیکن دوبارہ برطانیہ میں اپنی طبی پریکٹس شروع کرنا چاہتے ہیں اور وعدہ کیا کہ ایسی غلطی دوبارہ کبھی نہیں ہو گی۔
مانچسٹر میں جاری سماعت میں پینل اس بات پر غور کر رہا ہے کہ آیا ڈاکٹر سہیل انجم کے طرزِ عمل کی وجہ سے ان کی پریکٹس پر پابندی لگنی چاہیے یا نہیں۔ حتمی فیصلہ چند ہفتوں میں سنایا جائے گا۔
Comments
0 comment