13 hours ago
امریکی ٹیرف کے بعد مودی کی بھارتیوں سے ملکی مصنوعات استعمال کرنے کی اپیل
مودی کے حامیوں نے سوشل میڈیا پر میکڈونلڈز، پیپسی اور ایپل جیسے مقبول امریکی برانڈز کے بائیکاٹ کی مہم بھی شروع کر دی ہے

بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے آج اپنے خطاب میں بھارتی شہریوں سے اپیل کی کہ وہ 'سودیشی' یعنی بھارت میں بنی مصنوعات استعمال کریں تاکہ ملک کو معاشی طور پر خود انحصار بنایا جا سکے۔
ان کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکہ کے ساتھ بھارت کے تجارتی تعلقات میں کشیدگی پیدا ہو چکی ہے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے بھارتی مصنوعات پر 50 فیصد ٹیرف عائد کیے جانے کے بعد سے مودی اپنی تقاریر میں مسلسل یہ کہہ رہے ہیں کہ بھارتیوں کو 'میڈ اِن انڈیا' مصنوعات کو ترجیح دینی چاہیے۔
مودی کے حامیوں نے سوشل میڈیا پر میکڈونلڈز، پیپسی اور ایپل جیسے مقبول امریکی برانڈز کے بائیکاٹ کی مہم بھی شروع کر دی ہے۔
اپنے خطاب میں وزیر اعظم نے کہا، "ہم اپنی روزمرہ کی زندگی میں بہت سی غیر ملکی چیزیں استعمال کرتے ہیں۔ ہمیں اس عادت کو ترک کرنا پڑے گا اور صرف وہی مصنوعات خریدنی چاہییں جو بھارت میں بنی ہیں۔"
انہوں نے تمام ریاستی حکومتوں سے مقامی پیداوار اور سرمایہ کاری کو فروغ دینے کی اپیل کی تاکہ ملک کی معاشی ترقی کی رفتار تیز ہو سکے۔ انہوں نے دکانداروں پر بھی زور دیا کہ وہ صرف بھارتی مصنوعات فروخت کریں تاکہ ملکی معیشت کو سہارا ملے۔
گزشتہ چند ہفتوں میں کئی کمپنیوں نے بھی اپنی مقامی مصنوعات کی تشہیر بڑھا دی ہے۔
بھارت کی 1.4 ارب آبادی کو امریکی مصنوعات کی ایک بڑی منڈی سمجھا جاتا ہے۔ ایمیزون جیسے آن لائن ریٹیلرز کے ذریعے امریکی برانڈز اب بڑے شہروں کے ساتھ ساتھ چھوٹے شہروں تک بھی پہنچ چکے ہیں۔
Comments
0 comment