پاکستان کو حرمین شریفین کے دفاع کا اعزاز حاصل، پاک-سعودی اسٹریٹجک دفاعی معاہدہ طے پا گیا

پاکستان کو حرمین شریفین کے دفاع کا اعزاز حاصل، پاک-سعودی اسٹریٹجک دفاعی معاہدہ طے پا گیا

اس معاہدے کو دونوں ممالک کی تاریخ میں سب سے بڑا اور انقلابی دفاعی معاہدہ قرار دیا جا رہا ہے
پاکستان کو حرمین شریفین کے دفاع کا اعزاز حاصل، پاک-سعودی اسٹریٹجک دفاعی معاہدہ طے پا گیا

ویب ڈیسک

|

18 Sep 2025

ریاض: پاکستان کو اسلامی دنیا میں ایک منفرد اعزاز حاصل ہوگیا، جس کے تحت پاکستان اب حرمین شریفین کے دفاع میں باضابطہ طور پر سعودی عرب کا شراکت دار بن گیا ہے۔

یہ سنگِ میل اس وقت طے ہوا جب وزیراعظم شہباز شریف اور سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے ریاض میں اسٹریٹجک باہمی دفاعی معاہدے (SMDA) پر دستخط کیے۔

اس معاہدے کو دونوں ممالک کی تاریخ میں سب سے بڑا اور انقلابی دفاعی معاہدہ قرار دیا جا رہا ہے، جو نہ صرف خطے کی سلامتی بلکہ عالمی امن کے فروغ کے لیے بھی اہم پیش رفت ہے۔

معاہدے کے مطابق، پاکستان اور سعودی عرب نے طے کیا ہے کہ کسی بھی ایک ملک پر ہونے والا بیرونی حملہ دونوں پر حملہ سمجھا جائے گا اور دونوں ممالک مل کر مشترکہ دفاع کریں گے۔

اس معاہدے کے تحت دونوں ممالک اپنی دفاعی صلاحیتوں کو مربوط اور مزید مضبوط بنائیں گے، جبکہ عسکری تیاریوں، مشترکہ مشقوں اور دفاعی صنعتی تعاون کو بھی فروغ دیا جائے گا۔

مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان آٹھ دہائیوں پر محیط تعلقات ہمیشہ سے اسٹریٹجک نوعیت کے رہے ہیں، تاہم یہ معاہدہ ان تعلقات کو ایک نئی جہت دیتا ہے اور دونوں ملکوں کی گہری شراکت داری کو مزید مضبوط بناتا ہے۔

اس معاہدے کی کامیابی میں آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا کلیدی کردار رہا، جن کی کاوشوں کے نتیجے میں پاکستان کو یہ اعزاز حاصل ہوا کہ وہ اب حرمین شریفین کے تحفظ میں سعودی عرب کے ساتھ کھڑا ہوگا۔

اعلامیے میں مزید کہا گیا کہ یہ دفاعی معاہدہ دونوں ممالک کے لیے نہ صرف سیکیورٹی بلکہ معیشت اور سفارت کاری کے میدان میں بھی انتہائی سودمند ثابت ہوگا۔ اس کے ذریعے دونوں ممالک ہر ممکن خطرے کا مشترکہ طور پر مقابلہ کریں گے اور ایک ملک کی عسکری طاقت دوسرے کے دفاع کے لیے بھی دستیاب ہوگی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے معاہدے پر دستخط کے موقع پر شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور کہا کہ یہ معاہدہ پاکستان اور سعودی عرب کے برادرانہ تعلقات کو نئی بلندیوں پر لے جائے گا۔

Comments

https://dialoguepakistan.com/ur/assets/images/user-avatar-s.jpg

0 comment

Write the first comment for this!