6 hours ago
ٹرمپ کا مودی کو پاکستان سے جنگ سے متعلق اہم مشورہ

ویب ڈیسک
|
22 Oct 2025
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی سے ٹیلیفونک گفتگو میں کہا ہے کہ بھارت کو پاکستان کے ساتھ جنگ سے گریز کرنا چاہیے۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق، ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس میں دیوالی کی تقریب کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان کی مودی کے ساتھ “انتہائی مفید اور نتیجہ خیز بات چیت” ہوئی، جس میں تجارت، توانائی اور جنوبی ایشیا میں امن پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ٹرمپ نے کہا کہ ان کی مودی سے گفتگو کا ایک اہم حصہ پاکستان اور بھارت کے درمیان عسکری کشیدگی کو کم کرنے سے متعلق تھا۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے درمیان کوئی جنگ نہیں ہے، اور یہ ایک بہت اچھی بات ہے۔
امریکی صدر نے دعویٰ کیا کہ انہوں نے مئی میں پاکستان اور بھارت کے درمیان تنازع کے دوران سفارتی مداخلت کر کے ممکنہ جنگ کو روکا تھا۔
ان کے مطابق، انہوں نے دونوں ممالک کو خبردار کیا تھا کہ اگر جارحیت جاری رہی تو امریکا ان سے تجارتی تعلقات ختم کر دے گا۔
ٹرمپ کا کہنا تھا کہ امریکی سفارتی دباؤ اور ثالثی کے نتیجے میں دونوں ممالک نے صرف 24 گھنٹے میں بات چیت کو ترجیح دی۔
انہوں نے یاد دلایا کہ پہلگام حملے کے بعد شروع ہونے والی جھڑپوں کے دوران پاکستان نے آپریشن بنیان الامرسوس کے تحت بھارت کے کئی لڑاکا طیارے مار گرائے تھے، جس کے بعد امریکی ثالثی سے 10 مئی کو جنگ بندی عمل میں آئی۔
ٹرمپ نے بتایا کہ ان کی مودی سے گفتگو میں توانائی پالیسی بھی زیر بحث آئی، اور مودی نے یقین دلایا کہ بھارت روس سے تیل کی درآمدات میں کمی کرے گا۔
ٹرمپ نے اس اقدام کو یوکرین میں امن کی کوششوں کے تناظر میں “مثبت پیش رفت” قرار دیا۔
انہوں نے مودی کو “عظیم شخصیت” اور “پرانے دوست” قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کے درمیان تعلقات طویل عرصے سے مضبوط ہیں۔
دوسری جانب، بھارتی وزیراعظم مودی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (X) پر صدر ٹرمپ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ صدر ٹرمپ کے فون اور دیوالی کی نیک خواہشات کا شکریہ۔ ہماری دونوں جمہوریتیں امید اور روشنی کا پیغام دیتے ہوئے دنیا میں امن اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے متحد رہیں گی۔”
Comments
0 comment