18 hours ago
خیمہ بستی میں مقیم سیلاب متاثرہ خاندان کے ہاں اولاد کی پیدائش

ویب ڈیسک
|
6 Sep 2025
دریائے راوی میں آنے والے تباہ کن سیلاب نے لاہور کے نواحی علاقے موہلنوال میں زندگی کو تہہ و بالا کر دیا۔
سیلاب سے متاثرہ تھیم پارک سوسائٹی کے خاندانوں کو اب عارضی خیمہ بستیوں میں زندگی گزارنی پڑ رہی ہے۔ اسی خیمہ بستی میں ایک رکشہ ڈرائیور، عرفان، کے گھر ایک نیا مہمان آیا ہے۔
32 سالہ عرفان اور ان کی 28 سالہ اہلیہ، جو پہلے ہی چار بیٹیوں اور تین بیٹوں کے والدین ہیں، کے ہاں آٹھواں بچہ پیدا ہوا ہے۔ عرفان کی قسطوں پر گھر خریدنے کی جدوجہد سیلاب کی نذر ہو گئی تھی، جس نے ان کے گھر اور جمع پونجی کو بھی بہا دیا۔
اس دکھ اور پریشانی کے ماحول میں، نئے پیدا ہونے والے بچے نے ان کی زندگیوں میں خوشی کا پیغام لایا ہے۔ ماں نے بچے کا نام عبداللہ رکھنے کی خواہش ظاہر کی ہے۔
خیمہ بستی کے دوسرے مکینوں نے اس پیدائش کو امید کی علامت قرار دیا ہے۔ ان کے مطابق یہ بچہ صرف ایک خاندان کی خوشی نہیں بلکہ سب کے لیے یہ پیغام ہے کہ زندگی تمام دکھوں کے باوجود جاری رہتی ہے۔
مرکزی مسلم لیگ کے شعبہ خدمت خلق کے تحت ڈاکٹرز نے ماں اور بچے کو صحت مند قرار دیا۔
Comments
0 comment