پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر عوام کا شدید ردعمل
Webdesk
|
16 Feb 2026
کراچی : بزنس مین پینل پروگریسیو (بی ایم پی پی)کے چیئرمین اور فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی)کے سینئر نائب صدر ثاقب فیاض مگوں نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کو معیشت کے لیے ایک اور شدید دھچکا قرار دیتے ہوئے حکومت سے فوری نظرثانی کا مطالبہ کیا ہے۔
انہوں نے پیٹرولیم قیمتوں میں اضافے پر اپنے شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس فیصلے سے کاروبار اور صنعتوں کی پیداواری لاگت میں بے پناہ اضافہ ہوگا جس سے عوام کے براہِ راست متاثر ہونے کے ساتھ ساتھ ملکی معیشت بالخصوص برآمدات پر اس کے منفی اثرات مرتب ہوں گے۔
ثاقب فیاض مگوں کا کہنا تھا کہ پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے سے ٹرانسپورٹیشن کے اخراجات بڑھ جاتے ہیں جس کے نتیجے میں خام مال کی ترسیل سے لے کر تیار مال کی مارکیٹ تک رسائی مہنگی ہو جاتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پہلے ہی بجلی اور گیس کی بلند قیمتوں کے باعث صنعتکار شدید دبا کا شکار ہیں اور اب پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید اضافہ صنعتی پہیہ کی رفتار سست کردے گا۔
ثاقب فیاض مگوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ اگر یہی صورتحال برقرار رہی تو برآمدات بری طرح متاثر ہوں گی، مقامی صنعتیں عالمی مارکیٹوں میں مسابقت کی صلاحیت کھو دیں گی اور بے روزگاری میں اضافہ ہوگا۔
Comments
0 comment