بچیوں کی دیکھ بھال کے لیے مرد ملازم نہ رکھیں، مریم نفیس کا پیغام

بچیوں کی دیکھ بھال کے لیے مرد ملازم نہ رکھیں، مریم نفیس کا پیغام

مریم نفیس نے یوٹیوب پر مختصر ویڈیو شیئر کی
بچیوں کی دیکھ بھال کے لیے مرد ملازم نہ رکھیں، مریم نفیس کا پیغام

Webdesk

|

5 Sep 2025

لاہور: اداکارہ مریم نفیس نے والدین اور خصوصی طور پر ماوں سے التجا کی ہے کہ وہ اپنے بیٹیوں کی دیکھ بھال کے لیے مرد ملازمین نہ رکھیں۔

مریم نفیس نے یوٹیوب پر مختصر ویڈیو شیئر کی، جس میں انہوں نے بچوں اور خصوصی طور پر بچیوں کے لیے مرد ملازمین رکھے جانے کو خطرناک قرار دیا۔

اداکارہ نے بتایا کہ وہ اپنے بیٹے عیسی کو ویکسین لگوانے گئیں تو انہوں نے پریشان کرنے والے مناظر دیکھے، جس پر وہ بات کرنا مناسب سمجھتی ہیں۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ انہوں نے دیکھا کہ دو بچیوں کی دیکھ بھال اور حفاظت کرنے والے مرد تھے، جس پر انہیں پریشانی ہوئی۔

انہوں کہا کہ بچوں کے لیے اور خصوصی طور پر بچیوں کے لیے مرد ملازمین کو رکھنا خطرناک ہے، بہت سارے کیسز پاکستان میں رپورٹ ہوچکے ہیں۔

مریم نفیس کا کہنا تھا کہ پاکستان میں ہر گھنٹے میں بچوں کے ساتھ نامناسب اور ہراسانی کا واقعہ رپورٹ ہوتا ہے، یعنی ملک میں یومیہ 12 بچے استحصال کا نشانہ بن رہے ہیں، اس لیے ماوں کو آنکھیں کھولنی ہوں گی۔

انہوں نے بتایا کہ جن بچیوں کی دیکھ بھال مرد ملازمین کر رہے تھے، ان میں سے ایک بچی کی عمر چار جب کہ دوسری بچی کی عمر دو سال تھی۔

اداکارہ کے مطابق کسی بھی والدین کو اپنی بیٹیوں کی حفاظت اور دیکھ بھال کے لیے کسی بھی لڑکے یا مرد ملازم کی خدمات حاصل نہیں کرنی چاہیے۔

انہوں نے والدین سے التجا کی کہ وہ اپنی بیٹیوں کی حفاظت کی خاطر مرد ملازمین کی خدمات حاصل نہ کریں۔

اداکارہ کی ویڈیو پر صارفین نے تبصرے کرتے ہوئے ان کی بات سے اتفاق کیا اور والدین پر زور دیا کہ وہ اپنی بچیوں کی حفاظت کے لیے مرد ملازمین کی خدمات حاصل نہ کریں۔

Comments

https://dialoguepakistan.com/ur/assets/images/user-avatar-s.jpg

0 comment

Write the first comment for this!