جوا ایپ کی تشہیر، رجب بٹ بھی ریڈار پر آگئے

ویب ڈیسک
|
6 Sep 2025
لاہور: قومی سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (NCCIA) نے مشہور YouTuber رجب بٹ کو آن لائن جوئے کی ایپس کو فروغ دینے کے الزامات کی تحقیقات کے سلسلے میں 9 ستمبر کو طلب کرلیا۔
ملک میں بڑی تعداد میں فالوورز رکھنے والے رجب بٹ ماضی میں بھی خبروں میں رہے ہیں، جب انہیں ایک شیر کے بچے کو مختصر عرصے کے لیے اپنی تحویل میں رکھنے پر تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
جمعرات کو جاری کیے گئے نوٹس میں NCCIA نے کہا کہ رجب بٹ "آن لائن ٹریڈنگ ایپس کے ذریعے مالیاتی اسکینڈل میں ملوث ہیں، وہ نوجوانوں کو آن لائن جوئے کی ایپس میں سرمایہ کاری کرنے کی ترغیب دے رہے ہیں، سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کا استعمال کرتے ہوئے جوئے سے متعلق سرمایہ کاری کو فروغ دے رہے ہیں، اور لوگوں کی محنت کی کمائی کو غیر رجسٹرڈ اور بغیر لائسنس والی ایپس میں سرمایہ کاری کی ترغیب دے کر انہیں لوٹنے کی ایک اسکیم بنا رہے ہیں۔"
ایجنسی نے رجب بٹ کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنا بیان ریکارڈ کرانے کے لیے منگل کو صبح 11 بجے NCCIA کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر شعیب ریاض کے سامنے لاہور کے دفتر میں پیش ہوں۔
نوٹس میں خبردار کیا گیا ہے کہ اگر وہ پیش نہ ہوئے تو یہ سمجھا جائے گا کہ ان کے پاس دفاع میں پیش کرنے کے لیے کچھ نہیں ہے۔
رپورٹس کے مطابق، بیرسٹر میاں علی اشفاق یوٹیوبر بٹ کی نمائندگی کریں گے اور منگل کو ان کی طرف سے تحریری جواب جمع کروائیں گے۔ بیرسٹر اشفاق نے کہا، "کیس کا تمام قانونی پہلوؤں سے جائزہ لیا جا رہا ہے اور قانون کے مطابق اس کا دفاع کیا جائے گا۔"
یہ طلبی ایک اور معروف YouTuber سعد الرحمان، جو "ڈکی بھائی" کے نام سے جانے جاتے ہیں، کی حالیہ گرفتاری کے بعد سامنے آئی ہے۔ انہیں گزشتہ ماہ لاہور ایئرپورٹ پر آن لائن جوئے اور سٹے بازی کے پلیٹ فارمز کو فروغ دینے کے الزام میں حراست میں لیا گیا تھا۔
NCCIA نے یہ مقدمہ 17 اگست کو آدھی رات کے بعد لاہور میں پریوینشن آف الیکٹرانک کرائمز ایکٹ، 2016 کی دفعہ 13 (الیکٹرانک فراڈ)، 14 (الیکٹرانک جعل سازی)، 25 (اسپیمنگ) اور 26 (اسپوفنگ)، اور پاکستان پینل کوڈ کی دفعہ 294-B (تجارت کے سلسلے میں انعام کی پیشکش) اور 420 (دھوکہ دہی اور بے ایمانی سے جائیداد کی فراہمی پر آمادہ کرنا) کے تحت درج کیا تھا۔
Comments
0 comment