جوا ایپ تشہیر، اقرا کنول نے حمل کیوجہ سے تفتیش میں شامل ہونے سے معذرت کرلی

ویب ڈیسک
|
6 Sep 2025
معروف یوٹیوبر اقرا کنول نے جوا ایپ کی تشہیر کے معاملے پر این سی سی اے کو جواب جمع کراتے ہوئے اپنے حمل کی تصدیق کی اور تحقیقات میں تعاون کا دعویٰ کیا ہے۔
نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے یوٹیوبر اقرا کنول کو سوشل میڈیا پر جوئے کی ایپس کی مبینہ تشہیر کے الزام میں تفتیش کے لیے نوٹس جاری کیا ہے۔
اقرا کنول کے خلاف 28 اگست سے تحقیقات جاری ہیں، اور انہیں اس سلسلے میں دو نوٹس بھیجے جا چکے ہیں۔ ان پر بھی وہی الزامات ہیں جو ڈکی بھائی (سعد الرحمٰن) اور مدثر حسن جیسے مشہور یوٹیوبرز پر لگائے گئے ہیں۔
ان دونوں کو حال ہی میں جوئے کی ایپس کو فروغ دینے اور غیر قانونی اسکیموں میں سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کرنے کے الزام میں حراست میں لیا گیا تھا۔
این سی سی آئی اے نے اقرا کنول کے ساتھ ساتھ یوٹیوبرز رجب بٹ اور محمد انس کو 9 ستمبر کو اپنے لاہور دفتر میں پیش ہونے کی ہدایت دی ہے۔ ایجنسی نے واضح کیا ہے کہ اگر وہ پیش نہ ہوئے تو یہ سمجھا جائے گا کہ ان کے پاس خود کو بے قصور ثابت کرنے کے لیے کچھ نہیں ہے۔
اقرا کنول نے اپنے وکیل بیرسٹر میاں علی اشفاق کے ذریعے ایک تحریری جواب جمع کرایا ہے۔ جواب میں انہوں نے بتایا ہے کہ وہ حاملہ ہیں اور صحت کی وجوہات کی بنا پر وہ خود پیش نہیں ہو سکتیں۔
جواب کے مطابق، ڈاکٹروں نے انہیں بچے کی پیدائش کے بعد کم از کم دو ماہ آرام کرنے کا مشورہ دیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ صحت یاب ہوتے ہی وہ "تحقیقات میں مکمل تعاون اور تمام ضروری ریکارڈ" فراہم کرنے کے لیے تیار ہیں۔
Comments
0 comment