عمران خان کی خراب آنکھ اب کیسی ہے؟
ویب ڈیسک
|
16 Feb 2026
تحریکِ انصاف کے بانی عمران خان کی آنکھوں سے متعلق تازہ میڈیکل رپورٹ سامنے آگئی ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ ان کی بینائی میں بہتری آ رہی ہے اور علاج کا عمل جاری ہے۔
رپورٹ کے مطابق بائیں آنکھ کی بینائی عینک کے ساتھ 6/6 ریکارڈ کی گئی ہے جبکہ دائیں آنکھ کی بینائی 6/9 تک بہتر ہو چکی ہے۔ متاثرہ آنکھ کی نظر پہلے 6/36 تھی جو اب کافی حد تک بہتر ہو گئی ہے۔
ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ دائیں آنکھ میں سوجن کم ہو رہی ہے اور میکولا کی موٹائی بھی 550 سے کم ہو کر 350 رہ گئی ہے، جو مثبت پیش رفت ہے۔
آنکھوں کا معائنہ دو رکنی میڈیکل بورڈ نے کیا جس میں ماہرِ امراض چشم ڈاکٹر ندیم قریشی اور ڈاکٹر محمد عارف شامل تھے۔ دونوں ڈاکٹروں نے اڈیالہ جیل میں تقریباً دو گھنٹے تک تفصیلی چیک اپ اور ضروری ٹیسٹ کیے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ دائیں آنکھ کے ریٹینا میں درمیانے درجے کا خون رساؤ دیکھا گیا تاہم مجموعی صورتحال میں بہتری آ رہی ہے۔
میڈیکل بورڈ نے دونوں آنکھوں کے لیے نیواناک اور سسٹین الٹرا آئی ڈراپس تجویز کی ہیں جبکہ دائیں آنکھ کے لیے کوسوپٹ ڈراپس استعمال کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ اینٹی وی ای جی ایف علاج مکمل ہونے کے بعد مزید ٹیسٹ، جن میں او سی ٹی اینجیوگرافی اور ایف ایف اے شامل ہیں، کرانے کی سفارش بھی کی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق عمران خان کو دوسرا انجکشن 25 فروری کو لگایا جائے گا اور اگر ضرورت محسوس ہوئی تو لیزر آپریشن بھی کیا جا سکتا ہے۔
فالو اپ کے دوران چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر اور علامہ راجہ ناصر عباس کو پمز میں بریفنگ دی گئی۔ اس کے علاوہ عمران خان کے ذاتی معالجین ڈاکٹر عاصم یوسف اور ڈاکٹر خرم مرزا کو بھی فون کے ذریعے مکمل آگاہ کیا گیا، جنہوں نے علاج پر اطمینان کا اظہار کیا۔
رپورٹ میں عمران خان کو اسپتال منتقل کرنے کا کوئی ذکر نہیں کیا گیا اور طبی ٹیم آئندہ معائنے کے بعد مزید فیصلے کرے گی۔
Comments
0 comment