2 hours ago
عمران خان کیساتھ جیل میں غیر انسانی برتاؤ پر اقوام متحدہ کی اہم عہدیدار بول پڑیں
Webdesk
|
13 Dec 2025
جمعہ کو جاری بیان میں اقوامِ متحدہ کی خصوصی نمائندہ نے کہا کہ پاکستانی حکام اس بات کو یقینی بنائیں کہ عمران خان کی حراست بین الاقوامی قوانین اور انسانی حقوق کے طے شدہ معیارات کے مطابق ہو۔
ایلس جِل ایڈورڈز کے مطابق 26 ستمبر 2023 کو راولپنڈی کی اڈیالہ جیل منتقلی کے بعد عمران خان کو طویل عرصے تک تنہائی میں رکھا گیا ہے، جہاں وہ دن کے 23 گھنٹے سیل میں بند رہتے ہیں اور بیرونی دنیا سے ان کا رابطہ انتہائی محدود ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کے سیل میں مسلسل کیمرہ نگرانی کی اطلاعات بھی موصول ہوئی ہیں۔
اقوامِ متحدہ کی نمائندہ نے واضح کیا کہ بین الاقوامی انسانی حقوق کے قانون کے تحت طویل یا غیر معینہ مدت کی تنہائی قید ممنوع ہے، اور اگر یہ 15 دن سے زائد ہو جائے تو اسے نفسیاتی تشدد کے زمرے میں شمار کیا جاتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کی تنہائی فوری طور پر ختم کی جانی چاہیے کیونکہ یہ نہ صرف غیر قانونی اقدام ہے بلکہ طویل تنہائی ان کی جسمانی اور ذہنی صحت کے لیے سنگین نتائج کا باعث بن سکتی ہے۔
بیان کے مطابق عمران خان کو نہ کھلی فضا میں سرگرمیوں کی اجازت دی جا رہی ہے، نہ دیگر قیدیوں سے میل جول کی سہولت حاصل ہے اور نہ ہی انہیں اجتماعی نماز میں شرکت کا موقع دیا جاتا ہے۔ اسی طرح وکلا، اہلِ خانہ اور عدالتی اجازت یافتہ افراد سے ملاقاتیں بھی اکثر منقطع یا قبل از وقت ختم کر دی جاتی ہیں۔
Comments
0 comment