بھارتی فضائی حملے میں 31 شہری شہید، 57 زخمی ہونے کی تصدیق، آئی ایس پی آر

بھارتی فضائی حملے میں 31 شہری شہید، 57 زخمی ہونے کی تصدیق، آئی ایس پی آر

دشمن نے جان بوجھ کر رات کی تاریکی میں آبادیوں اور غیرمسلح شہریوں کو نشانہ بنایا، ترجمان پاک فوج
بھارتی فضائی حملے میں 31 شہری شہید، 57 زخمی ہونے کی تصدیق، آئی ایس پی آر

ویب ڈیسک

|

7 May 2025

راولپنڈی: ڈائریکٹر جنرل انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے بدھ کو ہنگامی پریس کانفرنس میں تصدیق کی کہ بھارت کے راتوں رات کیے گئے فضائی حملوں میں 31 معصوم شہری شہید اور 57 زخمی ہوگئے ہیں۔  

انہوں نے بھارتی حملوں کو "بزدلانہ کارروائی" قرار دیتے ہوئے کہا کہ دشمن نے جان بوجھ کر رات کی تاریکی میں آبادیوں اور غیرمسلح شہریوں کو نشانہ بنایا۔  

لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے کہا کہ بھارت کی یہ کارروائی اس کی "مایوسی اور دہشت گردانہ ذہنیت" کا واضح ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ "جب ہم نے دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کرکے انہیں ناکام بنایا، تو بھارت نے خود اپنی فوج کو دہشت گردی کے لیے استعمال کیا۔ معصوم بچوں اور عورتوں کو نشانہ بنانا اگر دہشت گردی نہیں، تو پھر کیا ہے؟"

انہوں نے زور دے کر کہا کہ پاکستانی افواج نے ردعمل میں صرف فوجی اہداف کو نشانہ بناتے ہوئے جوابی کارروائی کی اور شہریوں کو ہرگز نقصان نہیں پہنچایا۔  

ڈی جی آئی ایس پی آر نے پاک فضائیہ کی بہادری کو سراہتے ہوئے بتایا کہ پانچ بھارتی جنگی طیارے گرائے گئے، جن میں تین جدید رافیل طیارے بھی شامل ہیں۔ انہوں نے اسے "تاریخ کا نادر فضائی معرکہ" قرار دیا۔  

انہوں نے کہا کہ "ایسے فضائی معرکے کم ہی دیکھنے کو ملتے ہیں۔ ہمیں اپنی فضائیہ پر فخر ہے، جس نے بے مثال مہارت اور جرأت اور پروفیشنل انداز سے ملک کا دفاع کیا،"

لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے کہا کہ پاکستان امن کا خواہاں ہے، لیکن کوئی بھی جارحیت بلا جواب نہیں چھوڑی جائے گی۔ انہوں نے خبردار کیا کہ "اگر دشمن نے ایک بار پھر غلطی کی، تو اسے اس کی پوری قیمت چکانی پڑے گی۔ ہماری افواج ہر لمحہ چوکس ہیں۔"

پریس کانفرنس کے اختتام پر شہداء کے لیے دعا کی گئی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی اُمید ظاہر کی گئی۔

Comments

https://dialoguepakistan.com/ur/assets/images/user-avatar-s.jpg

0 comment

Write the first comment for this!