10 hours ago
فیلڈ مارشل نے بلوچستان کے مسائل کا حل بتادیا

ویب ڈیسک
|
23 Aug 2025
فیلڈ مارشل چیف آف آرمی اسٹاف، سید عاصم منیر نے بلوچستان میں سکیورٹی اور ترقیاتی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے تربت کا دورہ کیا۔ اس دورے کا بنیادی مقصد صوبے کے استحکام اور خوشحالی کے لیے عسکری اور سول اداروں کے درمیان تعاون کو مزید مضبوط بنانا تھا۔
دورے کے موقع پر وزیراعلیٰ بلوچستان، چیف سیکرٹری اور دیگر اعلیٰ حکام بھی ان کے ہمراہ تھے۔
دورے کے دوران، فیلڈ مارشل عاصم منیر کو بلوچستان کی سکیورٹی صورتحال اور فتنۃ الہندوستان کے خلاف کامیاب آپریشنز کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
انہیں جاری ترقیاتی منصوبوں اور جنوبی بلوچستان میں سماجی و معاشی بہتری کے لیے کیے گئے اقدامات سے بھی آگاہ کیا گیا۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے وزیراعلیٰ اور سول انتظامیہ کے نمائندوں سے ملاقات میں گڈ گورننس، بنیادی ڈھانچے کی ترقی اور عوام کی فلاح و بہبود پر مبنی جامع ترقی کی اہمیت پر زور دیا۔
انہوں نے بلوچستان کے مسائل کے حل کے لیے سول اور عسکری اداروں کے باہمی تعاون کو ضروری قرار دیتے ہوئے جنوبی بلوچستان کی سماجی و معاشی ترقی کے لیے ہر ممکن مدد کی یقین دہانی کرائی۔
تربت میں تعینات فوجی جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے، آرمی چیف نے ان کے بلند حوصلے، پیشہ ورانہ مہارت اور قومی خودمختاری کے تحفظ کے لیے ان کے عزم کو سراہا۔
انہوں نے مشکل حالات میں امن و استحکام برقرار رکھنے میں ان کے کردار کی تعریف بھی کی۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ پاک فوج بلوچستان کے عوام کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑی ہے تاکہ خطے میں پائیدار امن، ترقی اور خوشحالی کو یقینی بنایا جا سکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سول و عسکری تعاون اور مشترکہ کوششوں کے ذریعے ہی بلوچستان کے مسائل کا حل ممکن ہے۔
Comments
0 comment