اگلی بار اسکور 6 صفر نہیں 60 صفر ہوگا، پاک فضائیہ

ویب ڈیسک
|
6 Sep 2025
کراچی: ایئر وائس مارشل شہریار خان نے کہا ہے کہ پاکستان کے دشمنوں کو ہمیشہ منہ کی کھانی پڑی ہے اور آئندہ جنگ کی صورت میں اسکور 6-0 تک محدود نہیں رہے گا بلکہ 60-0 ہو گا۔
انہوں نے یہ بات کراچی میں مزارِ قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان ایئر فورس اکیڈمی اصغر خان کے لیے مزارِ قائد پر گارڈز کے فرائض سنبھالنا ایک بڑا اعزاز ہے۔
ایئر وائس مارشل نے 6 ستمبر 1965 کی جنگ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ دن ہمیں دشمن کے عزائم کو خاک میں ملانے کی یاد دلاتا ہے اور پاک فضائیہ ہر محاذ پر مکمل طور پر تیار کھڑی ہے۔ انہوں نے فخر کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاک فضائیہ نے جنگ کے ساتھ ساتھ امن کے وقت میں بھی عوام کی امیدوں پر پورا اتری ہے۔
انہوں نے "بنیان المرصوص" آپریشن کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس نے 6 ستمبر کی یاد تازہ کر دی ہے۔ ایئر وائس مارشل نے یقین دلایا کہ پاکستان کی فضائی حدود کا دفاع پاک فضائیہ کے مضبوط ہاتھوں میں ہے اور تکنیکی جدت نے پاک فضائیہ کو دنیا میں ایک منفرد مقام دلایا ہے۔ انہوں نے تمام شہداء کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں فخر ہے کہ پاک فضائیہ ہر موقع پر عوام کی امیدوں پر پوری اتری ہے۔
Comments
0 comment