پہلگام حملہ، عمران خان کی قوم سے اتحاد کی اپیل

ویب ڈیسک
|
1 May 2025
راولپنڈی: سابق وزیراعظم اور پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے بھارت کے ساتھ بڑھتی ہوئی کشیدگی کے پیش نظر تمام سیاسی جماعتوں سے اختلافات بھلا کر یکجہتی کا مظاہرہ کرنے کی اپیل کی ہے۔
اڈیالہ جیل سے اپنے سرکاری اکاؤنٹ پر جاری پیغام میں انہوں نے بھارت کی انتہا پسندانہ سوئی کو خطے میں عدم استحکام کا ذمہ دار ٹھہرایا۔
پہلگام واقعے پر عمران خان نے ردعمل دیتے ہوئے 26 سیاحوں کی ہلاکت کے متاثرین کے لیے تعزیت کی اور اس واقعے کو 2019 پلوامہ حملے کی طرز پر ایک اور "فالس فلیگ" آپریشن قرار دیا۔
بھارت کی جانب سے پاکستان پر بغیر ثبوت کے الزامات کو بے بنیاد قرار دیا۔ "1.5 ارب آبادی والے ملک کو ذمہ داری سے کام لینا چاہیے"
عمران خان نے کہا کہ امن ہماری ترجیح ہے لیکن اسے کمزوری نہ سمجھا جائے، 2019 کی طرح پاکستان کسی بھی جارحانہ حرکت کا منہ توڑ جواب دینے کی صلاحیت رکھتا ہے"۔
بانی پی ٹی آئی نے مقبوضہ کشمیر میں مظالم میں اضافے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اقوام متحدہ کی قراردادوں کے تحت کشمیریوں کے حق خودارادیت پر زور دیا۔
انہوں نے موجودہ حکومت کو "جعلی رجیم" قرار دیتے ہوئے بیرونی خطرات کے خلاف اتحاد کی اپیل کی اور نواز شریف اور آصف علی زرداری پر ہندوستان کے خلاف دو ٹوک مؤقف نہ اپنانے پر تنقید کا نشانہ بنایا۔
انہوں نے کہا کہ "یہ لوگ اپنے غیر ملکی مفادات کی خاطر خاموش رہتے ہیں، سیاسی انتقامی کارروائیوں کو قومی یکجہتی کے لیے خطرہ قرار دیا۔
عمران خان نے کہا کہ "آر ایس ایس کی قیادت والا بھارت نہ صرف خطے بلکہ عالمی امن کے لیے خطرہ ہے جبکہ مقبوضہ کشمیر میں آرٹیکل 370 کے خاتمے کے بعد مظالم میں اضافہ ہورہا ہے۔
عمران خان نے زور دے کر کہا کہ موجودہ حالات میں قومی یکجہتی انتہائی ضروری ہے، اور تمام سیاسی قوتیں بیرونی خطرات کے خلاف متحد ہو کر کھڑی ہونی چاہئیں۔
انہوں نے خبردار کیا کہ بھارت کی جنگی ہیجان پیدا کرنے کی پالیسیاں خطے کو تباہی کی طرف دھکیل سکتی ہیں۔
Comments
0 comment