رکن قومی اسمبلی کا واٹس ایپ ہیک، 15 لاکھ روپے کا چونا لگ گیا

ویب ڈیسک
|
22 Oct 2025
ایم کیو ایم کی رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر نکہت شکیل آن لائن فراڈ کا شکار ہوگئیں جس کی وجہ سے اُن کے پیاروں کے ساتھ 15 لاکھ روپے کا فراڈ ہوا ہے۔
تفصیلات کے مطابق نوسر بازوں نے رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر نکہت شکیل کے عزیزوں، رشتے داروں یا رابطہ کاروں سے تقریبا پندرہ لاکھ روپے بٹور لیے۔
نامعلوم افراد نے خود کو محکمہ موسمیات کے افسران ظاہر کرتے ہوئے ڈاکٹر نکہت شکیل کو بار بار کالز کیں اور ایک ویری فکیشن کوڈ مانگا۔
نیند کے عالم میں ڈاکٹر نکہت نے غلطی سے کوڈ شیئر کردیا، جس کے بعد نوسربازوں نے ان کا واٹس ایپ اکاؤنٹ ہیک کرلیا۔
ہیکرز نے ان کے درجنوں قریبی رشتہ داروں، دوستوں اور سیاسی ساتھیوں سے رابطہ کر کے مختلف بہانوں سے رقم منگوائی اور کئی افراد نے رقم منتقل کردی جبکہ چند نے تصدیق کے بعد خود کو نقصان سے بچالیا۔
رقوم کو جعلی بینک اکاؤنٹس اور موبائل والٹس میں منتقل کیا گیا، حیران کن طور پر جب متاثرہ رکن اسمبلی نے متعلقہ بینکوں سے مدد مانگی تو انہوں نے تعاون سے انکار کردیا۔
Comments
0 comment