سندھ حکومت نے سیلاب سے نمٹنے کے لیے تیاریاں مکمل کرلیں

Webdesk
|
7 Sep 2025
کراچی: سندھ حکومت نے ممکنہ سیلاب سے نمٹنے کے لیے تیاریاں مکمل کرلی ہیں۔ سندھ حکومت کے محکمہ بحالیات، محکمہ صحت پی پی ایچ آئی اور محکمہ لائیو اسٹاک نے ٹوری کے کے 18 میل آر ڈی 48، غوث پور اور کشمور کچے کے علاقے میں امدادی میڈیکل اور ویٹرنری کیمپ لگائے ہیں۔
آس پاس کے علاقوں کے لوگ اور متاثرہ افراد صحت اور ان کے مویشی ویٹرنری سہولیات سے مستفید ہو رہے ہیں۔
سندھ حکومت کی ممکنہ سیلاب کی تیاریوں کے حوالے سے صوبائی وزرا کو دریائے سندھ کے دائیں اور بائیں کناروں کے لیے فلڈ اینڈ رین ایمرجنسی فوکل پرسن مقرر کیا گیا ہے، جو بند پر پانی اور صورتحال، بند کے کام اور انتظامات کا مسلسل جائزہ لے رہے ہیں۔
ضلع کشمور میں محکمہ بحالیات کے دو موبائل ہسپتال یونٹس، پی پی ایچ آئی کے دو موبائل ہسپتال یونٹس، دس فکسڈ میڈیکل کیمپس، محکمہ لائیو اسٹاک کے فکسڈ 06 اور ایک موبائل ہسپتال ضلع کے مختلف علاقوں بشمول کے کے بند ، ٹوری بند ، گڈو، کشمور اور غوث پور کے علاقوں میں کام کر رہے ہیں۔
جبکہ ہنگامی بنیادوں پر ملیریا، ڈینگی، ڈئیریا ، سانپ اور کتے کی ویکسین اور ادویات محکمہ صحت کے تمام ہسپتالوں میں ہمہ وقت دستیاب ہیں۔
ممکنہ خطرات کے پیش نظر محکمہ آبپاشی کی جانب سے کے کے بند پر ڈمپنگ کا کام بھی جاری ہے جس میں ضلع کے قانون نافذ کرنے والے اداروں، پولیس اور رینجرز کی جانب سے اریگیشن کے عملے کی سیکیورٹی کے لیے خاطر خواہ انتظامات کیے گئے ہیں۔
Comments
0 comment